پاک بھارت تعاون کے عزم سے انڈین ٹیکسٹائل نمائش شروع

کراچی چیمبر اور انڈین سینتھیٹک اینڈ ریان ٹیکسٹائل کونسل میں ایم اویو پر دستخط


Business Reporter December 01, 2012
پاکستان اور بھارت کے تاجروصنعتکار باہمی مسابقت پر توجہ دینے کے بجائے باہمی تعاون کی تجارت کو فروغ دینے کی کوششیں کریں، ونود کمار لاڈیا فوٹو: فائل

انڈین سینتھیٹک اینڈ ریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے چیئرمین ونودکمار لاڈیا نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیکسٹائل سیکٹر میں بالخصوص اور دیگر شعبوں میں بالعموم باہمی تعاون و شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو کراچی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سنگل کنٹری ''انٹیکسپو'' نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔ ونودکمارلاڈیا نے کہا کہ کے سی سی آئی کی اعلیٰ قیادت اورصدر کراچی چیمبر نے بھارتی تاجروں کے دل جیت لیے ہیں کیونکہ انہی کے تعاون کے نتیجے میں بھارتی ٹیکسٹائل مصنوعات کی سنگل کنٹری نمائش منعقد ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تاجروصنعتکار باہمی مسابقت پر توجہ دینے کے بجائے باہمی تعاون کی تجارت کو فروغ دینے کی کوششیں کریں، دونوں ممالک کے درمیان شعبہ ٹیکسٹائل کی ترقی، تجارتی وپیداواری سرگرمیوں کو وسعت دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

دو روزہ انٹیکسپو نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سیاسی تنازعات دوطرفہ تجارت کی راہ میں کسی صورت رکاوٹ نہیں بننا چاہئیں۔ سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین زبیر موتی والانے دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلیے بعض تجاویز پیش کیں اورکہاکہ پاکستان اور بھارت کے تاجروں کیلیے ویزہ سہولت کونہ صرف سہل بنایا جائے بلکہ ملٹی پل ویزوں کے اجرا اور مقامی کرنسیوں میں لین دین کی اجازت دی جائے۔

05

انہوں نے نان ٹیرف بیریئرزختم کرنے اور تجارتی تنازعات کے تصفیوں کیلیے مشترکہ ثالثی کمیٹی قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔ زبیر موتی والا نے سمندری راستے سے بھارت کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے پر زور دیا ۔

کراچی چیمبر کے صدر محمد ہارون اگر نے کہاکہ سال 2013 پاکستان اور بھارت کے درمیان لبرل ٹریڈ کا سال ہے۔ اس موقع پر انہوںنے جولائی 2013میں ہونے والی کے سی سی آئی کی مائی کراچی نمائش میں انڈین پویلین مختص کرنے کابھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ دوروزہ انٹیکسپو نمائش میں بھارتی سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل سیکٹر کی 40سرفہرست کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کی ہیں، نمائش میں انڈین سینتھٹک اینڈریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے چیئرمین ونودکمار لاڈیا کی قیادت میں60 رکنی وفد نے بھی شرکت کی، وفد 2سے 3دسمبر تک لاہورمیں منعقد ہونے والی نمائش میں بھی شرکت کرے گا۔

نمائش کے پہلے روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انڈین سینتھیٹک اینڈ ریان ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پروموشن کونسل کے درمیان باہمی مفاہمت کاایک معاہدہ بھی طے پاگیاہے جس پر کراچی چیمبرکے صدر محمد ہارون اگر اور ایس آرٹی ای پی سی کے چیئرمین ونود لاڈیانے دستخط کیے۔