مہنگی مٹھائیوں کی طرح حلوہ جات بھی عوام کی قوت خرید سے باہر

گاجر کا حلوہ440روپے کلو،کاجو کی برفی 1400روپے کلوفروخت ہورہی ہے۔


Business Reporter December 01, 2012
شہرکی ایک دکان پر تھال میں رکھے گلاب جامن موسم سرما میں شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

شہر میں مٹھائی کی معروف دکانوں پر موسم سرما کے لیے خصوصی حلوہ جات متعارف کرادیے گئے ہیں۔

جن میں زیادہ میوے سے تیار کردہ حلوہ جات اور مٹھائیاں شامل ہیں تاہم مہنگی مٹھائیوں کی طرح میوے سے تیار کردہ یہ حلوہ جات بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں، ان حلوہ جات میں گاجر کا حلوہ، چنے کی دال کا حلوہ، بادام کا حلوہ، انجیر کا حلوہ، پستے کا حلوہ، کاجو کا حلوہ، کاجو کی برفی، مکس میوہ جات کا حلوہ سرفہرست ہیں، مٹھائی اور حلوہ جات فروخت کرنے والوں کے مطابق حلوہ جات کی فروخت موسم سرما میں زیادہ ہوتی ہے ،عام دنوں میں محدود مقدار میں یہ حلوہ جات تیار کیے جاتے ہیں۔

c5

دکانداروں کے مطابق میوہ جات کی قیمت میں اضافے کے بعد عام طبقے کے لیے ان حلوہ جات کی خریداری مشکل ہوچکی ہے، دکانداروں کے مطابق میوہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں مٹھائی اور حلوے درجہ اول کے تازہ میوہ جات سے اصلی دیسی گھی میں تیار کی جاتی ہیں اسی لیے ان کی قیمت بھی عام مٹھائیوں سے زیادہ ہے،موسم سرما میں تحفے کے طور پر بھی حلوہ جات دینے کی روایت ہے جس کیلیے دکانداروں نے خصوصی ٹن پیکنگ کا بھی انتظام کیا ہے۔

کراچی میں تیار کی جانے والی مٹھائیاں اور حلوہ جات ملک اور بیرون ملک بھی مشہور ہیں جو ٹن پیکنگ میں رشتے داروں اور عزیزوں کو بھیجی جاتی ہیں، معروف دکانوں پر گاجر کا حلوہ 400سے 440 روپے کلو، چانے کی دال دیسی گھی کا حلوہ 400سے 440روپے کلو، بادام اخروٹ کا حلوہ 500سے 540روپے کلو، پستہ اور انجیر کا حلوہ 560روپے کلو، کاجو کا حلوہ 550سے 600روپے کلو جبکہ کاجو کی برفی 1200سے 1400روپے کلو فروخت کی جارہی ہے، پستہ بادام کاجو اور چلغوزے کا مکس حلوہ 580سے 600روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے۔