بنگلہ دیش کی ریکارڈ فتح ویسٹ انڈیز 132 پرڈھیر

دوسرے ون ڈے میں ٹائیگرز 160رنزسے فتحیاب، انعام الحق کی سنچری


Sports Desk December 03, 2012
293 رنز کا تعاقب کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم 31.1 اوورز میں 132 پر ڈھیرہوگئی. فوٹو: اے ایف پی

انعام الحق کی سنچری اور اسپنرز سوہاگ غازی اور عبدالرزاق کی عمدہ بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی تاریخ کی بڑی فتح حاصل کرلی۔

293 رنز کا تعاقب کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم 31.1 اوورز میں 132 پر ڈھیرہوگئی، ٹائیگرز نے 160رنز کی ریکارڈ کامیابی اپنے نام کی، اس سے قبل بنگلہ دیش کی ون ڈے میں سب سے بڑی فتح کا مارجن 146رنز تھا، جو اس نے 2006 میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف ڈھاکا میں حاصل کی تھی، روی رامپال کی 5وکٹوں کی پرفارمنس ٹیم کی ناکامی میں دب گئی، پانچ میچز کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 2-0 کی برتری مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق ٹاس جیت کر بولنگ کا غلط فیصلہ کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم 293 کا تعاقب کرنے میں بری طرح ناکام رہی۔

تواتر سے وکٹیں گرنے کے سبب میزبان بولرز مہمان بیٹسمینوں پر حاوی رہے، شیخ ابونصراسٹیڈیم کی سلو وکٹ پر ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو اسٹروکس کھیلنے میں خاصی دشواری کا سامنا رہا، ڈیرن براوو(28) اور کیرن پولارڈ(25) کے ساتھ ہی کچھ مزاحمت پیش کرپائے، اسٹار بیٹسمین کرس گیل15، مارلون سیموئلز16 اور لینڈل سیمنز9رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، گیل نے مشرفی کی گیند پر وکٹ کیپر مشفیق کو کیچ تھمانے سے قبل اگرچہ دو چوکے اور ایک سکسر جڑا ، براوو نے سیموئلز کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلیے 41رنز کی ساجھے داری بھی بنائی۔

02

اسپنرز عبدالرزاق نے19اور سوہاگ غازی نے21 رنزدیکر یکساں طور پر3،3 مہرے کھسکائے، ٹائیگرز نے نوجوان اوپنر انعام الحق کے 120رنز سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6وکٹ پر 292رنز اسکور بورڈ پر جوڑ ڈالے، انعام سنچری داغنے والے تیسرے کم عمر بنگلہ دیشی کرکٹر بنے، انھوں نے مشفیق الرحیم کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 174کی شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، مشفیق 79رنز بناکر پویلین واپس ہوئے۔

ان سے قبل تمیم اقبال اور شکیب الحسن بھی کم عمری میں تھری فیگر اننگز کھیل چکے ہیں، انعام نے 145 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 120رنز اسکور کیے، مومن الحق 31 اور مشرفی مرتضی18 پر ناٹ آئوٹ رہے۔انعام اور مومن الحق کے درمیان بھی چھٹی وکٹ کے لیے 64رنز کی پارٹنر شپ لگی، میزبان ٹیم نے اختتامی 60 گیندوں پر 86رنز بٹورے، روی رامپال نے 49رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، سیریز کا تیسرا میچ 5 دسمبر کو ڈھاکا میں کھیلا جائیگا۔