ویمنز ہاکی کامیابی کے ٹریک پر ریلویز کا سفر جاری

اسلام آباد کو بھی 6-0 سے زیر کرلیا، کلثوم منیر کی ہیٹ ٹرک، پنجاب وائٹس نے خیبر پختونخوا کو مات دی


Sports Reporter August 08, 2016
اسلام آباد کو بھی 6-0 سے زیر کرلیا، کلثوم منیر کی ہیٹ ٹرک، پنجاب وائٹس نے خیبر پختونخوا کو مات دی۔ فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس

قومی خواتین ہاکی چیمپئن شپ کے مزید3میچوں کا فیصلہ ہوگیا، ریلویز نے اسلام آباد کیخلاف صفر کے مقابلے میں6گول سے میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کیا، کلثوم منیر نے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 4 بار گیند کوجال کی راہ دکھائی، پنجاب وائٹس نے بھی خیبر پختونخوا کیخلاف6-0 سے کامیابی حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی خواتین ہاکی چیمپئن شپ کے مقابلے گذشتہ روز بھی وفاقی دارالحکومت میں جاری رہے، مجموعی طور پر3 میچوں کا فیصلہ ہوا جس میں ریلویز، پنجاب وائٹس اور واپڈا کی ٹیمیں حریف سائیڈز کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں۔

نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آبادمیں شیڈول پہلے میچ میں پنجاب وائٹس اور کے پی کے کی ٹیموں کے درمیان ٹاکرا ہوا جس میں پنجاب نے یکطرفہ مقابلے کے بعد6-0 سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا، میچ کے آغاز میں ہی پنجاب نے حریف سائیڈ کو دباؤ میں رکھنے کیلیے جارحانہ انداز اپنایا اور وقفے وقفے سے حملے کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، پنجاب ٹیم کی فاروڈز کے مسلسل اٹیک نے خیبر پختونخوا سائیڈ کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں اور وہ بھرپور کوشش کے باوجود میچ میں واپس نہ آ سکی۔

پنجاب وائٹس کی جانب سے ثنا ذوالفقار اورزینب اسلم نے2، 2بار گیند کو جال کے اندر پھینکا جبکہ لائبہ شہباز اور عالیہ بتول نے ایک ایک گول اسکور کیا۔دوسرا میچ پاکستان ریلوے اوراسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ریلوے نے گذشتہ مقابلوں کی طرح اس میچ میں بھی غیرمعمولی کھیل پیش کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے میں بازی6-0 سے جیت لی جبکہ اسلام آباد کی ٹیم ایک بھی گول اسکور نہ کر پائی۔

پاکستان ریلوے کی طرف سے کلثوم منیر نے ایک بار پھر انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مجموعی طور پر 4 بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنادیا، حنا کنول 2گول کرنے میں کامیاب رہی۔تیسرا میچ پنجاب کلر اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں واپڈا نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی، دونوں ٹیموں نے آغاز میں دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے دونوں ٹیمیں میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہیں۔

دوسرے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی پاکستان واپڈا نے حریف سائیڈ کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل کی، بعد ازاں دونوں ٹیموں نے آخری دوکوارٹرز میں گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن فاروڈز گیند کو جال کے اندر پھینکنے میںکامیاب نہ ہو سکیں۔پیر کو چیمپئن شپ کے مزید 4میچزکھیلے جائینگے، پہلا میچ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور سندھ وائٹس کے درمیاں ہوگا، دوسرے میچ میں پنجاب وائٹس اور سندھ کلر کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، تیسرا مقابلہ پاکستان واپڈا اور بلوچستان کے درمیان رکھا گیا ہے جبکہ چوتھے میچ میں پاکستان آرمی کی ٹیم اسلام آباد کیخلاف میدان میں اترے گی۔