کالعدم تنظیم کے4 افراد تفتیش کے بعد شخصی ضمانت پر رہا

جمشید کوارٹرز پولیس نے چاروں کو خفیہ اطلاع پر پٹیل پاڑا سے حراست میں لیا تھا


Staff Reporter December 03, 2012
جمشید کوارٹرز پولیس نے چاروں کو خفیہ اطلاع پر پٹیل پاڑا سے حراست میں لیا تھا۔ فوٹو: فائل

جمشید کوارٹرز پولیس نے پٹیل پاڑا سے حراست میں لیے جانے والے کالعدم تنظیم کے4 افراد کوتفتیش کے بعد شخصی ضمانت پر رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمشیدکوارٹرز پولیس نے خفیہ اطلاع پر پٹیل پاڑا میں کارروائی کرتے ہو ئے محمد یوسف ولد مسکین، شمس الحق ولد مہتا ب، رشید ولد عطاقی اور انعام الحق ولد میروان کو حراست میں لیا تھا، ڈویژنل ایس پی اسد رضا کے مطابق گرفتار کیے جانے والے4 افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور انھیں شک کی بنا پر تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے افراد سے نذر عباس قتل کیس سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی،ایس ایچ او تھانہ جمشید کوارٹرز عنایت اللہ مروت نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ حراست میں لیے جانے والے افراد کا نذر عباس قتل کیس سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کا شہر کے کسی بھی تھانے میں کوئی کرمنل ریکارڈ موجود ہے جس کی بنا پر چاروں افراد کو علاقہ معززین کی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

ضمانتی کو پابند کیا گیا ہے حراست میں لیے جانے والے چاروں مزکورہ افراد کو جس وقت بھی تھانے طلب کیا جائے گا تو ضمانتی انہیں پیش کرے گا ، واضح رہے30 نومبر کو فیروز آباد تھانے کی حدود جیل روڈ ہپی ہوم اسکول کے قریب موٹر سائیکل سوار ملز مان نے فائرنگ کر کے پی سی ایچ ایس بلاک 3 کے رہائشی کار سوار نذر عباس کو قتل جبکہ کار میں موجود 13 سالہ بیٹی میرزفاطمہ کو زخمی کردیا تھا اور ملزمان با آسانی فرار ہو گئے تھے۔