ملک میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں مدثر نذر

 سینئرزکی جگہ پُر کرنے کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی


Sports Reporter August 11, 2016
بہترین کرکٹرز سامنے لانے کیلیے کوشاں ہیں،کراچی ریجنل اکیڈمی کا دورہ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پی سی بی کے ڈائریکٹر اکیڈمیز اور سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر مدثر نذر نے کہا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کی جگہ پُر کرنے کے لیے نوجوانوں کو سخت محنت اور لگن کے ساتھ جدوجہد کرنا ہوگی، ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، مقصد کے حصول کیلیے ابھرتے ہوئے کرکٹرزکو کھیل کے تمام شعبوں پر عبور رکھنا ہوگا، آج کی کرکٹ میں فیلڈنگ اور فٹنس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرکے مستقبل کے بہترین کرکٹرز سامنے لانے کیلیے کوشاں ہیں۔

مدثر نذر نے ان خیالات کا اظہار کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر ریجنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری انڈر19 کرکٹرز کے تربیتی کیمپ کے دورے پرکھلاڑیوں اور آفیشلز سے ملاقات اور میڈیا سے گفتگو میں کیا، صدر کے سی سی اے پروفیسر اعجاز فاروقی بھی ان کے ساتھ تھے، 5 برس کے طویل وقفے کے بعد شروع ہونے والی کراچی ریجنل انڈر19کرکٹ اکیڈمی میں کے سی سی اے کی 2 منتخب ٹیموں کے 20،20 کھلاڑی زیر تربیت ہیں، مدثرنذر نے کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا، ان کو مختلف ٹپس دیں اور خوشگوار ماحول میں اپنی یادیں بھی تازہ کیں، مدثر نذر نے بیٹنگ اور بولنگ کی تکنیک کے ساتھ نئی گیند کے استعمال کے طریقے بھی بیان کیے، مزید براں کوچ محمد مسرور کے ساتھ دوران بیٹنگ وکٹ پر دوڑنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا، مدثر نذر نے سابق ٹیسٹ کپتانوں جاوید میانداد، عمران خان، ماجد خان اور مشتاق محمد و دیگر کرکٹرز کی مثالیں بھی پیش کیں اور کھلاڑیوں سے سوال و جواب کیے۔

مدثر نذر نے ریجنل اکیڈمی میں موجود سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جونیئر کرکٹرز کے لیے اگلے برس کراچی میں3 ماہ کا کیمپ لگایا جائے گا، انھوں نے کیمپ کے کوچز اور دیگر آفیشلز کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے اسے کھلاڑیوں کے لیے سود مند قرار دیا، کیمپ میں ہیڈ کوچز سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر اور اعظم خان کی معاونت محمد مسرور اور عاصم علی رضوی کر رہے ہیں، راشد قریشی اور عمران ٹرینر جبکہ ڈاکٹر عثمان اور ڈاکٹر امتیاز فزیو ہیں، واضح رہے کہ پی سی بی کے تحت قومی سطح پر ریجنل انڈر19کرکٹ اکیڈمیز میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی تربیت کا سلسلہ جاری ہے، ان تربیتی کیمپس میںکراچی، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، ملتان، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور کوئٹہ ریجن کے منتخب کرکٹرز شریک ہیں، بورڈ کے مقامی کوچز کھلاڑیوں کو کھیل کے بنیاد رموز سے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ان کے فٹنس لیول کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔