چوتھا ٹیسٹ پاکستان کی فتح پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال

ٹیم نے آخری معرکے میں حیران کن کارکردگی دکھائی، ایجبسٹن میں چند غلطیاں نہ ہوتیں تو سیریز ہمارے نام ہوتی، سابق کرکٹرز


Sports Reporter August 15, 2016
ٹیم نے آخری معرکے میں حیران کن کارکردگی دکھائی، ایجبسٹن میں چند غلطیاں نہ ہوتیں تو سیریز ہمارے نام ہوتی، سابق کرکٹرز۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے کم بیک پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال ہوگئے، وقار یونس کا کہنا تھا کہ کئی اتار چڑھاؤ آنے کے بعد گرین کیپس نے آخری معرکے میں حیران کن کارکردگی دکھائی، شعیب اختر نے کہا کہ ایجبسٹن میں چند غلطیاں نہ ہوتیں تو مہمان ٹیم 3-1سے سرخرو ہوسکتی تھی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے لارڈز میں فتح کے بعد اولڈ ٹریفورڈاور برمنگھم میں ناکامی کا سامنا کیا، اوول میں چوتھا میچ جیت کر مقابلہ 2-2سے برابر کیا،اس شاندار کم بیک پر سابق کرکٹرز بھی خوشی سے نہال نظر آرہے ہیں، وقار یونس نے کہا کہ سیریز میں کئی اتار چڑھاؤ آئے، کئی مواقع پر کمزور کھیل نے میزبان ٹیم کو حاوی ہونے کا موقع دیا، تاہم آخری ٹیسٹ میں اہم ہتھیار یونس خان اور یاسر شاہ اپنی اصل فارم میں لوٹ آئے، گرین کیپس نے سخت دباؤ کے باوجود آخری معرکے میں حیران کن کارکردگی دکھائی،اس میں مصباح الحق کی قیادت کا کردار بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

شعیب اختر نے کہا کہ ایجبسٹن میں چند غلطیاں نہ ہوتیں تو مہمان ٹیم 3-1سے سرخرو ہوسکتی تھی، تھوڑی ذمہ دارانہ بیٹنگ سے پاکستان سیریز میں برتری حاصل کرسکتا تھا، رائٹ آرم پیسر سہیل خان کو شامل کرنا اہم فیصلہ تھا، وہاب ریاض تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد بہتر بولر کے روپ میں سامنے آئے، یونس خان اور اسد شفیق نے بھی توقعات کا بوجھ بخوبی اٹھایا،تاہم اب بھی کھیل میں بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے، کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے سیریز میں سامنے آنے والی کمزوریوں پر قابو پانا ہوگا۔ محمد یوسف نے کہا کہ یونس خان کی فارم میں واپسی فتح کا پیغام لے کر آئی، اسد شفیق نے بھی اہم اننگز کھیل کر ٹیم پر دباؤ کم کیا، بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا تو بولرز نے اپناکام کردکھایا، ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلی، ایک کی کاردگی اچھی نہ رہی تو دوسرے نے خلا پر کرنے کی کوشش کی، اسی کارکردگی کا مظاہرہ انگلش کھلاڑیوں نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں کیا تھا۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ 6سال قبل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد انگلینڈ میں ہونے والی پہلی سیریز میں اچھی کرکٹ نے پاکستان کی ساکھ بہتر بنائی،یونس خان ایک بڑے کرکٹر ہیں،انھوں نے ایک بارپھر اس کا ثبوت دیدیا،اوول میں مہمان ٹیم نے فیلڈنگ بھی بہتر کی،کامیابی یوم آزادی کا تحفہ ہے، ٹیسٹ اسکواڈ کافی متوازن ہے، کھلاڑیوں کا مورال بھی بلند ہوا ہے، تاہم ون ڈے سیریز میں اسکواڈ میں کافی تبدیلیاں ہونگی، کئی تجربہ کار کرکٹرز کی خدمات بھی حاصل نہیں، اس لیے گرین شرٹس سے زیادہ توقعات وابستہ کرنا درست نہیں ہوگا۔