جونیئراسکواش پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش

ایونٹ میں شریک 2 کھلاڑی اسرار احمد اور عباس شوکت پر زائدالعمر ہونے کا الزام


Sports Reporter August 22, 2016
ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے اعتراض مسترد کردیا تھا، پی ایس ایف سیکریٹری عامر نواز فوٹو : فائل

پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش سامنے آگئی، ورلڈ ٹیم جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم کے 2 کھلاڑیوں کے زائد العمر ہونے کا الزام لگ گیا۔

سیکریٹری پاکستان اسکواش فیڈریشن عامر نواز نے اسے ملک کے خلاف شوشہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران ایونٹ میں شریک بعض ممالک کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کے زائد العمر ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے ان کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ 7 اگست سے 16 اگست تک پولینڈ کے شہر بیلسکو بیالامیں شیڈول ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی فتح ہضم نہیں ہورہی اور اب الزام عائد کیا گیا ہے کہ مقابلے میں شریک 2 کھلاڑی اسرار احمد اور عباس شوکت زائدالعمر تھے،

یاد رہے کہ میگا ایونٹ میں اسرار احمد نے مصر کے سیڈلدین کو اسٹریٹ سیٹ میں ہرا کر پاکستان کو برتری دلائی تھی تاہم یوسف عبداللہ ابراہیم نے پاکستان کے ایاز احسن کو زیرکر کے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا تھا تاہم فیصلہ کن میچ میں عباس شوکت نے مصر کے موران طارق عبدالحامد کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل پاکستان کے نام کیا تھا، ایونٹ کا حصہ بننے والے بعض ممالک نے اعتراض اٹھایا ہے کہ پاکستان کے 2 کھلاڑی اسرار احمد اور عباس شوکت کی عمریں 19 سال سے زائد تھیں۔

اس حوالے سے جب پاکستان اسکواش فیڈریشن کے کیپٹن عامر نواز سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے دوران مصر، بھارت اور ملائیشیا نے پاکستانی کھلاڑیوں کے زائد العمر ہونے کا الزام عائد کیاتھا تاہم ورلڈ اسکواش فیڈریشن نے منیجرز میٹنگ میں معاملہ نہ اٹھانے پر ان کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی، انھوں نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کر کے اسے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، فیڈریشن کو ورلڈ اسکواش فیڈریشن کی طرف سے تاحال کوئی ای میل یا کوئی ایسی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، ہم پرسکون ہیں۔