پاکستانی بادشاہت پرکرکٹرزکے چہرے کھل اٹھے

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی اس کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کا حصول بہترین ہے، وسیم اکرم


Sports Reporter August 23, 2016
جتنی مشکلات پاکستان ٹیم نے دیکھیں اس کے پیش نظر وہ حقیقت میں اس اعزاز کی مستحق تھی، وقار یونس۔ فوٹو: فائل

عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی بادشاہت پر سابق و موجودہ کرکٹرز کے چہرے کھل اٹھے، ٹیم کی اس بڑی کامیابی کوکھلاڑیوں کی مشترکہ جدوجہد کا صلہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا تو ملک میں جشن کا آغاز بھی ہوگیا، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ انھوں نے گرین کیپس کی بڑی کامیابی پر خیالات کا اظہار کیا ہے، ماضی کے عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم نے کہاکہ پاکستان میں7 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی، اس کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کا حصول بہترین ہے، انھوں نے مزید کہاکہ انگلینڈ میں جس طرح سے ٹیم نے پرفارمنس دکھائی وہ قابل تعریف ہے، انگلش وکٹوں پر ٹیسٹ میچز میں کم بیک آسان نہیں ہوتا،میزبان بیٹسمین پاکستانی بولرز کے دبائو میں آگئے تھے جس کا بھرپور فائدہ ہماری ٹیم نے اٹھایا۔

عبدالقادر نے کہا کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آنا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اس اعزاز پر میں پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کپتان مصباح الحق، کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام پلیئرز نے جس طرح عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اس کے بعد وہ اس بڑی کامیابی کے مستحق تھے، گرین کیپس کے اس اعزاز پر ہم سب کو فخر ہے۔ یونس خان نے کہاکہ ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کرکٹرز اور شائقین کا دیرینہ خواب تھا جو پورا ہو گیا۔

سابق کوچ وقار یونس نے پاکستان کے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بننے کا پورا کریڈٹ کپتان مصباح الحق کو دے دیا، انھوں نے کہا کہ اگرچہ اس دوران میں کوچ رہا مگر میں نے جو کیا اس کا کریڈٹ نہیں لوں گا بلکہ مکمل کریڈٹ مصباح الحق کو دینا چاہوں گا جو ناقدین کے خلاف ڈٹے رہے اور مشکل ترین اوقات میں بھی کوئی سخت بات نہیں کہی، لوگوں نے ان کے کھیلنے کے انداز پر باتیں کی مگر سب اب بطور پاکستانی فخر کررہے ہوں گے، وقار یونس نے مزید کہا کہ گذشتہ 7، 8 برس کے دوران جتنی مشکلات پاکستان ٹیم نے دیکھیں اس کے پیش نظر وہ حقیقت میں اس اعزاز کی مستحق تھی۔

مقبول خبریں