نمبرون کا سفر 2014 میں آسٹریلیا کیخلاف دبئی ٹیسٹ سے آغاز

اوول ٹیسٹ میں10وکٹ سے فتح پرسیریز2-2سے برابرکرتے ہوئے رسائی ممکن بنائی


Sports Desk August 23, 2016
اوول ٹیسٹ میں10وکٹ سے فتح پرسیریز2-2سے برابرکرتے ہوئے رسائی ممکن بنائی فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان نے پیر کو بھارت سے عالمی ٹیسٹ کرکٹ کی حکمرانی چھین لی، مصباح الیون کی زیرقیادت ٹیم کے اس سفر کی شروعات2014 میں آسٹریلیا کیخلاف دبئی ٹیسٹ سے ہوئی۔

اس وقت پاکستان رینکنگ میں چھٹی پوزیشن پر تھا، 22 سے 26 اکتوبر تک منعقدہ میچ میں پاکستانی اسپنرز نے ٹیم کو 221 رنز سے فتح دلائی، یونس نے دو جب کہ سرفرازاحمد اور احمد شہزاد نے ایک ایک سنچری جڑی، یاسرشاہ اور ذوالفقار بابر نے 7،7 وکٹیں اپنے نام کیں، سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم نے 356 رنزسے کامیابی کوگلے لگایا، مصباح نے 56 گیندوں پر 100 رنزبنا کر ویوین رچرڈز کی تیزترین سنچری کا ریکارڈ برابر کیا، ابوظبی میں ہی اس کے 10دن بعد پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف مسلسل تیسری ٹیسٹ فتح پائی، مصباح 15 فتوحات کے ساتھ ملک کے کامیاب ترین ٹیسٹ قائد بنے، کیویز نے تیسرا میچ اننگز سے جیت کر سیریز برابر کرلی۔

2015 میں 6 سے 9 مئی تک بنگلہ دیش سے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 328رنز سے کامیابی پائی، اظہر علی نے ڈبل سنچری جڑی،پاکستان نے 17 سے 21 جون 2015 تک سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے جیت کو اپنا مقدر بنایا، یاسرشاہ نے 76رنز کے عوض 7 شکار کیے،کولمبو میں ناکامی کے بعد پالے کیلی میں 3 سے 7 جولائی تک منعقدہ فیصلہ کن ٹیسٹ میں پاکستان نے 7 وکٹ سے فتح پائی ، یونس نے171 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، دبئی میں انگلینڈ کیخلاف 22 سے 26 اکتوبر 2015 تک دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 178رنز سے جیت پائی۔

وہاب اور یاسرشاہ فتح میں پیش پیش رہے،سیریز کے تیسرے شارجہ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے 127رنز سے کامیابی کو اپنا مقدر بنایا، محمد حفیظ نے 151 کی اننگز کھیلی، رواں برس 14 سے 17 جولائی تک منعقدہ لارڈز ٹیسٹ میں مصباح نے سنچری جڑی، یاسر نے 10 وکٹیں لیں،پاکستان نے 75رنز سے فتح پائی،اس کے بعد دو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، مگر اختتامی اوول ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے فتحیاب ہوکر سیریز 2-2 سے برابر کرتے ہوئے نمبرون بننے کا اہتمام کرلیا۔

مقبول خبریں