ہنگری کی پاکستان میں سنگل کنٹری نمائش کی خواہش

ہائی کمشنرکی صدرکراچی چیمبرسے ملاقات، دونوںملکوں میں تجارت بڑھانے پر زور


Business Reporter December 06, 2012
ہارون اگر نے نمائش کیلیے تعاون کا یقین دلایا، بداپیسٹ چیمبر سے معاہدے کی درخواست۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور ہنگری کے درمیان سیاسی تعلقات اگرچہ مستحکم ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سطح کے تعلقات زیادہ حوصلہ افزا نہیں ہیں۔

یہ بات پاکستان میں تعینات ہنگری کے ہائی کمشنر ISTVAN SZABO نے بدھ کو کراچی چیمبرآف کامرس کے صدر ہارون اگر سے ملاقات کے دوران کہی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہونے کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سالانہ تجارتی حجم صرف6 کروڑ ڈالر تک محدود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگری میں پاکستان سے ریڈی میڈگارمنٹس، آٹو پارٹس، طبی آلات، اسپورٹس وسرجیکل گڈز، ہینڈی کرافٹ، فرنیچر سمیت دیگر متعدد اشیا کی برآمدات ممکن ہے جبکہ پاکستان میں ہنگری سے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی ٹیکنالوجی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے علاوہ کین میں حلال فوڈز، کیمیکلز، تکنیکی ایکویپمنٹس، مشینری اور صحت سے متعلق اشیا درآمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگرین ہائی کمیشن کی خواہش ہے کہ پاکستان میں کراچی چیمبر آف کامرس کے تعاون سے ہنگری کی سنگل کنٹری نمائش منعقد ہو۔

2

انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ یورپی یونین کے اہم رکن ملک ہنگری کے توسط سے شینجن ویزوں کے حصول کیلیے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ہارون اگر نے ہنگری کی کراچی ایکسپوسینٹر میں سنگل کنٹری نمائش میں کے سی سی آئی کے بھرپورتعاون واشتراک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہنگری کی ایم او ایل آئل کمپنی بھرپورانداز میں خدمات انجام دے رہی ہے جو پاکستان کی مجموعی ضروریات کا11 فیصد حصہ پورا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگری کی مزید کمپنیاں بھی پاکستان کے آئل، گیس اور ریفائنری سیکٹر میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے شروع کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کے حجم میں توسیع کرسکتی ہیں، حکومت پاکستان کی جانب سے یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے پرکشش ترغیبات میسر ہیں جن سے ہنگری کے سرمایہ کار بھی استفادہ کرسکتے ہیں، ہارون اگر نے ہائی کمشنر ہنگری کو تجویز دی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ اور تجارتی نوعیت کی معلومات کے تبادلوں کے لیے بڈاپسٹ چیمبر کے ساتھ کراچی چیمبر کا باہمی مفاہمت وتعاون کے معاہدے کا بندوبست کرے۔