نوازشریف اپنی چوری بچانے کےلیے پورے ملک کو چور بنارہے ہیں عمران خان

وزیراعظم اگلا الیکشن ایک ایک ارب دے کرخرید لیں گےاوراگر وہ الیکشن نہیں جیتے تو سیدھے جیل جائیں گے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک September 03, 2016
احتساب ریلی کرپشن کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن ثابت ہوگی، عمران خان. فوٹو: آئی این پی

FAISALABAD: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف اپنی چوری بچانے کے لیے پورے ملک کو چور بنارہے ہیں۔

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں احتساب ریلی کے آغاز پر خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ ریلی کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہیں، آج کی احتساب ریلی کرپشن کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن ثابت ہوگی، یہ ریلی پاکستان کے مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ لوٹ مار صرف پاکستان نہیں تیسری دنیا کا مسئلہ ہے، چھوٹے چوروں کی چوری سے ملک تباہ نہیں ہوتے۔ ملک وزیراعظم اوروزیروں کی چوری سے تباہ ہوتا ہے۔ ہرجمہوریت میں وزیراعظم جواب دہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم خود کو احتساب سے بچانے کے لئے ملک کامستقبل تباہ کررہے ہیں، وزیراعظم کہہ رہےہیں کہ ہم اپنےقانون کےتحت احتساب کریں گے، نواز شریف کا یہ احتساب 200 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ خود کو احتساب سے بچانے کے لیے پورے ملک کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے، وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ وہ کرپشن کرتے رہیں گے اور ہم آرام سے بیٹھے رہیں گے۔قوم اب باشعور ہوگئی ہے، پاناما لیکس نا لوگ بھولیں گے ،نہ عمران خان بھولے گا اور نہ بھولنے دیں گے۔ وہ جانتے ہیں کہ چیئرمین ایف بی آر کتنے کروڑ روپے دبئی بھجواتے ہیں، ان میں جرات ہی نہیں کہ نوازشریف کے خاندان کو نوٹس بھیجے۔ اگر وہ غیرت مند ہیں تو سب کو نوٹس بھجوائیں۔ الیکشن کمیشن ارکان کب تک ن لیگ کی بی ٹیم بنے رہیں گے، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے.

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ نوازشریف اپنی چوری بچانے کے لئے پورے ملک کو چور بنارہے ہیں، وہ اگلا الیکشن ایک ایک ارب دے کرخرید لیں گے، وزیر اعظم پنجاب پولیس کومخالفین کے خلاف استعمال کریں گے، اگر وہ الیکشن نہیں جیتے تو سیدھے جیل جائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور میں تحریک انصاف کی احتساب ریلی

اس سے قبل زمان ٹاؤن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریفوں کی بادشاہت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا احتجاج پر امن رہے گا لیکن اگر حکومت نے پر امن مظاہرین کے خلاف تشدد کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حکمران ہمارے ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے اداروں کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، نواز شریف پاناما کی کرپشن سے بچ کر نکل گئے تو مزید ادارے تباہ ہوں گے۔

مقبول خبریں