10کروڑروپے انعام پاکستان کواپریل 2017 تک نمبرون رہنا ہوگا

آج مصباح کولاہور میں آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن روایتی گرز سے نوازیں گے


Sports Reporter September 21, 2016
ابتدائی طور پر12اکتوبر تک ملکیت رہے گا،بھارت سے صرف ایک پوائنٹ کا فرق فوٹو: پاکستان کرکٹ ٹیم

KARACHI: ٹیسٹ کرکٹ میں حکمرانی برقرار رکھنے پر پاکستان کو10 کروڑ روپے انعام مل سکتا ہے،اس کیلیے اپریل2017 کی کٹ آف تاریخ تک نمبر ون رہنا ہوگا، بدھ کے روز آئی سی سی چیف ڈیو رچرڈسن پاکستانی کپتان مصباح الحق کو روایتی گرز سے نوازیں گے جو ابتدائی طور پر12اکتوبر تک اس کی ملکیت رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق جو بھی ٹیم یکم اپریل2017 کی کٹ آف تاریخ کو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ہوئی اسے 10 کروڑ روپے انعام بھی ملے گا، اس کا حقدار بننے کیلیے مصباح الحق الیون کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کیخلاف کامیابیاں حاصل کرنا ہونگی۔موجودہ نمبرون پاکستان بدھ کو روایتی گرز وصول کریگا، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونیوالی تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کپتان مصباح الحق کو اعزاز سے نوازیں گے،یہ گرز12اکتوبر تک پاکستان کی ملکیت رہے گا، بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تو وہ اس کا حقدار بن جائیگا، پڑوسی ملک کی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان سے صرف ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ کیخلاف سیریز برابر کرتے ہوئے پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار رینکنگ میں سرفہرست بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے خود کو اس ایوارڈ کا حقدار بنایا، پی سی بی نے گرز کی وصولی کیلیے قذافی اسٹیڈیم میں تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن صبح ساڑھے9 بجے گراؤنڈ میں مرکزی پویلین کے سامنے ایوارڈ مصباح الحق کے حوالے کرینگے، بعد ازاں انھیں اور مصباح الحق کو پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ عالمی نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمانے والی ٹیم کو گرز دیا جاتا ہے، اس یادگار کو کرکٹ سامان اور پہلوانی گرز کے امتزاج سے بنائے جانے کا مقصد ٹاپ سائیڈ کی طاقت کو اجاگر کرنا ہے۔