کرن جوہر نے فواد خان کوفلم کی تشہیری مہم سے الگ کردیا

کرن جوہر نے فواد خان کو فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی تشہیری ویڈیو سے غائب کردیا ہے۔


ویب ڈیسک October 05, 2016
کرن جوہر نے فواد خان کو فلم’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی تشہیری ویڈیو سے غائب کردیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر نے نئی آنے والی فلم ''اے دل ہے مشکل''کی عکس بندی کراتے ہوئے مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں سے فواد خان کوغائب کردیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو ملک سے نکلنے اور ان کی فلموں کی ریلیز روکنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں جس کے بعد فلم نگری کی جانب سے ان دھمکیوں پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا گیا تھا جب کہ ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے جواب میں فلم نگری کی کئی نامور شخصیات نے پاکستانی فنکاروں کی حمایت کی تھی جس میں معروف ہدایتکار کرن جوہر، سلمان خان اور اوم پوری سمیت متعدد اداکار و ہدایتکار شامل ہیں لیکن اب ہدایتکار کرن جوہر نے انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہوکرفواد خان کو فلم کی تشہیری مہم سے دور کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ہدایتکارکرن جوہر نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہوکر اپنی نئی آنے والی فلم ''اے دل ہے مشکل'' کی نمائش کو تنازع سے بچانے کے لیے پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان کو تشہیری مہم سے دور رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ انہوں نے فلم کی پروموشن کے لیے فلم کی عکس بندی کراتے ہوئے مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے اور انہوں نے کسی بھی تنازع سے بچنے کے لیے فواد خان کے مناظر کوہٹا دیا ہے جس پر مداحوں نے بھی حیرانی کا اظہار کیا ہے۔



واضح رہے کہ ہدایتکار کرن جوہر کی فلم''اے دل ہے مشکل'' میں رنبیر کپور، فواد خان، ایشوریا رائے بچن اور انوشکاشرما نے مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ فلم رواں ماہ ہی سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

مقبول خبریں