پاک بھارت پہلا ٹوئنٹی 20 میچ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج شروع ہوگی

نرخ 1600سے 15 ہزار روپے،عام شائقین کیلیے صرف12687 ٹکٹیں دستیاب


Sports Desk December 13, 2012
نرخ 1600سے 15 ہزار روپے،عام شائقین کیلیے صرف12687 ٹکٹیں دستیاب۔ فوٹو: فائل

بھارت اور پاکستان کے درمیان بنگلور میں شیڈول پہلے ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعرات سے شروع ہورہی ہے۔ ٹکٹ کے نرخ 1600 سے 15 ہزار روپے تک مقرر کیے گئے ہیں، کائونٹر سیل کا آغاز 21 دسمبر سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان چنا سوامی اسٹیڈیم میں 25 دسمبر کو شیڈول پہلے ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے 7187 ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعرات سے شروع ہورہی ہے، کارپوریٹ پرائس 12500 ہے۔

1

ایگزیکٹیو لائونج کیلیے ٹکٹ کا نرخ 6000 اور ٹیرس سیٹ کیلیے 9 ہزار ہے۔ گیلری اسٹینڈ کیلیے 5500 ٹکٹوں کی فروخت 21 دسمبر سے اسٹیڈیم کے کائونٹرز پر شروع ہوگی، اس درجے کی ٹکٹوں کی قیمت ڈھائی سوروپے مقرر کی گئی ہے۔ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی مجموعی گنجائش 35533 ہے تاہم عام شائقین کیلیے صرف 12687 ٹکٹیں دستیاب ہوں گی، باقی کرناٹکا کرکٹ ایسوسی ایشن، مختلف ایسوسی ایشنز، بورڈز اور وی آئی پیز کو فراہم کریگی۔

کے ایس سی اے کے سیکریٹری جواگل سری ناتھ کا کہنا ہے کہ 2800 سیٹیں ایسوسی ایشن ممبرز کیلیے مختص ہیں، 3600 کرکٹ کلبز، 3400 دیگر ایسوسی ایشنز، بھارتی کرکٹ بورڈ اور پاکستانی بورڈ کیلیے 2673، کارپوریٹس کیلیے 3705 ٹکٹ، 6168 اعزازی اور باقی ہمارے اسٹاف اور آفیشلز کیلیے ہوںگی۔ اس میچ کیلیے پاکستانی شائقین کو 500 ٹکٹیں پاکستان کرکٹ بورڈ فراہم کرے گا۔