بیماری کو شکست دے کر شہریار کی وطن واپسی

میڈیا سے بات چیت نہ کی، پیر کو دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں،ذرائع


Sports Reporter October 21, 2016
بورڈ کے سربراہ آسٹریلوی آرمی اور پی سی بی انڈر 19ٹیموں کا میچ دیکھنے کیلیے جمعے کو قذافی اسٹیڈیم آسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

بیماری کو شکست دے کر چیئرمین پی سی بی شہریار خان وطن واپس پہنچ گئے، آسٹریلوی آرمی اور پی سی بی انڈر 19ٹیموں کا میچ دیکھنے کیلیے جمعے کو ان کی قذافی اسٹیڈیم آمد متوقع ہے، وہ پیر کو دوبارہ سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سانس لینے میں دشواری محسوس کرنے پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے علاج کیلیے انگلینڈ کا رخ کیا تھا، طبی معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹرز نے دل کے آپریشن کا فیصلہ کیا، یہ مرحلہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں مکمل کیے جانے کے بعد انھیں آرام کی ہدایت دی گئی تھی۔

سابق سفارتکار انگلینڈ میں اپنی رہائش گاہ پر مقیم رہے، سفر کی اجازت ملنے پر وہ گذشتہ روز وطن واپس پہنچ گئے، مگر ایئرپورٹ پر میڈیا سے کوئی بات نہیں ہوئی اور چپکے سے گھر روانہ ہوگئے، قواعد کے برعکس ان کی غیر موجودگی میں گورننگ بورڈ نے کسی کو ذمہ داریاں تفویض نہیں کی تھیں، جس کی وجہ سے کئی انتظامی امور تعطل کا شکار اور افواہیں گردش میں رہیں کہ ضعیف العمری کے سبب شہریار چیئرمین کا عہدہ چھوڑ کر انگلینڈ میں ہی مقیم رہیں گے، یوں اقتدار نجم سیٹھی کے ہاتھوں میں آجائے گا، ان کی پاکستان آمد کے بعد چہ مگوئیاں ختم ہونے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق بورڈ کے سربراہ آسٹریلوی آرمی اور پی سی بی انڈر 19ٹیموں کا میچ دیکھنے کیلیے جمعے کو قذافی اسٹیڈیم آسکتے ہیں،امید ہے کہ وہ پیر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیںگے،ابتدا میں شہریار مختصر وقت کیلیے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں آنے کا سلسلہ شروع کرینگے۔