’آئیڈیاز2016‘ کراچی ایکسپوسینٹرمیں 22 تا 25 نومبر ہوگی

ملک کی سب سے بڑی نمائش،70 سے زائد ممالک شریک، عالمی سیمینار بھی کیاجائیگا


Business Reporter November 07, 2016
ملک کی سب سے بڑی نمائش،70 سے زائد ممالک شریک، عالمی سیمینار بھی کیاجائیگا، ظہیر نصیر فوٹو: ایکسپریس/فائل

ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) آغا مسعود اکرم کا کہنا ہے کہ 9 ویں دفاعی نمائش( آئیڈیاز 2016) 22 نومبر سے 25 نومبر تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔

آغا مسعود اکرم کا کہنا ہے کہ نمائش میں 70 سے زائد ملک شرکت کریں گے جب کہ آئیڈیاز 2014 میں 338 کمپنیوں نے شرکت کی تھی جن میں 256 غیرملکی اور82 ملکی کمپنیاں تھیں، اسی طرح 67 ملکوں کے 85 وفود نے بھی آخری نمائش میں حصہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر عالمی سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں عالمی سیکیورٹی ماہرین اپنے مقالے پیش کریں گے اور پاکستان کی جدید اور نئی دفاعی مصنوعات بھی پیش کی جائیں گی۔ آئیڈیاز کا بنیادی اور اہم کام ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں، عالمی مندوبین، دفاعی اور سیکیورٹی تجزیہ کاروں اور پالیسی سازوں کو نمائش میں ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ انہیں دفاعی شعبے میں اشیا کے فروغ اور باہمی تعاون کے نئے مواقع مل سکیں اور دفاعی پیداوار کی برآمدات کے فروغ، سہولت کی فراہمی اور رابطے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

یہ دفاعی صنعت کو باہمی منصوبوں کے لیے قریب لانے، انہیں ملانے اور رابطے کا خاص موقع ہے۔ آئیڈیاز ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے مقصد ''ہتھیار برائے امن'' کوحاصل کرسکیں۔ یہ پاکستان کے اصولی موقف کی بھی تائید کرتی ہے کہ پڑوسی ملکوں میں ہتھیاروں کی متوازن موجودگی موثر دفاع ہے۔بدر ایکسپو سلوشنز کے سی او او ظہیر نصیر نے کہا کہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی نمائش ہے اور اس موقع پر اہم انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ مقامی اور عالمی میڈیا کی سہولت کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ ایک کامیاب نمائش ثابت ہوگی۔

مقبول خبریں