کراچی حصص مارکیٹ میں تیزی52 پوائنٹس ریکور

انڈیکس 14564پوائنٹس ہوگیا،51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ


Business Reporter July 26, 2012
انڈیکس 14564پوائنٹس ہوگیا،51 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ

عدلیہ کی جانب سے حکومت کو دوہفتے کی مزید مہلت دیے جانے، فوجی فرٹیلائزرکمپنی کے بہترین مالیاتی نتائج اورغیرملکیوں کی تازہ سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو ایک بار پھر تیزی رونما ہوئی جس سے 51.19 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں

جبکہ حصص کی مالیت میں13 ارب56 کروڑ62 لاکھ18 ہزار238 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار کاروباری سیشنزمیں متواترمندی کے بعد بدھ کو تکنیکی نوعیت کی خریداری نے مارکیٹ میں تیزی کا رحجان غالب کیا، ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر36 لاکھ31 ہزار686 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا

لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کا رحجان غالب رہا کیونکہ غیرملکیوں کی جانب سے21 لاکھ94 ہزار502 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے12 لاکھ68 ہزار712 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے92 ہزار129 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے76 ہزار254 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، تیزی کے سبب کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس52.61 پوائنٹس کے اضافے سے 14564.68 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس54.82 پوائنٹس کے اضافے سے12633.12 اور کے ایم آئی30 انڈیکس120.82 پوائنٹس کے اضافے سے 25013.21 ہوگیا،

کاروباری حجم منگل کی نسبت 1.04 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر5 کروڑ74 لاکھ50 ہزار20 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار252 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں129 کے بھائو میں اضافہ، 96 کے داموں میں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا،

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں شیزن انٹرنیشنل کے بھائو9.82 روپے بڑھ کر206.34 روپے اور ملت ٹریکٹرز کے بھائو6.76 روپے بڑھ کر 510.48 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور پاکستان کے بھائو 25 روپے کم ہوکر7325 روپے اور ہینو پاک موٹرز کے بھائو 3.79 روپے کم ہوکر72.09 روپے ہوگئے۔