یوٹیلٹی اسٹورزکی اشیا کے معیار اور وزن پرتحفظات

اشیا مارکیٹ سے سستی ہیں مگرمعیاری بھی ہونی چاہئیں، شہریوں کامطالبہ


Business Reporter July 26, 2012
اشیامارکیٹ سے سستی ہیں مگرمعیاری بھی ہونی چاہئیں، شہریوں کامطالبہ۔ فائل فوٹو

یوٹیلٹی اسٹورز پر فروخت کی جانے والی اشیائے خوردونوش اور عام مارکیٹ میں بیچی جانے والی اشیا میں قیمتوں کے لحاظ سے فرق کی وجہ سے عوام کی اکثریت یوٹیلٹی اسٹورز کارخ کرنے پر مجبور ہے تاہم شہریوں میں ایسے بھی ہیں جو یوٹیلٹی اسٹورز پر بِکنے والی اشیا کے معیار اور وزن کے بارے میں تحفظات رکھتے ہیں اور ان کاکہنا ہے کہ دونوں جگہوں پر یعنی یوٹیلٹی اسٹورز اور عام مارکیٹ میں فروخت ہونے والی اشیا کا یکساں معیار ہونا چاہیے اور اسے برقرار بھی رکھنا چاہیے

لیکن حکومتی سطح پر ایسا نہیں ہے۔ اس ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کی طرف سے 600کے قریب چھوٹی بڑی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کا معیار بھی کم نہیں ہوا اور وزن بھی پورا ہے۔ جن اشیا کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ان میں آٹا، چینی ، گھی، چاول، کوکنگ آئل، دال چنا، سفید چنے ، چائے ،کھجور اور مشروبات شامل ہیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر اس وقت 20کلوگرام کے آٹے کی قیمت 430 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ تھیلا580 روپے میں فروخت کیاجارہاہے ۔ چینی فی کلوگرام اسٹورپر 42 روپے، عام مارکیٹ میں 54روپے ، چاول باسمتی 83 روپے فی کلو جبکہ عام مارکیٹ میں 108 روپے میں فروخت ہورہے ہیں ، چاول ٹوٹا اسٹورپر53 روپے فی کلوگرام عام مارکیٹ میں70 روپے، چاول سیلا اسٹور پر 94روپے اور عام مارکیٹ میں 120روپے، گھی یوٹیلٹی اسٹور پر 145 روپے اورعام مارکیٹ میں 173 روپے ،

کوکنگ آئل اسٹور پر145 روپے اور عام مارکیٹ میں160 روپے ، دال چنا اسٹور پر100 روپے اور عام مارکیٹ میں 115روپے، برانڈ شربت اسٹور پر 117 روپے جبکہ عام مارکیٹ میں 140 روپے، چائے اسٹور پر 455روپے اور عام مارکیٹ میں 505روپے، کھجور اسٹورپر140 روپے اور عام مارکیٹ میں 185 روپے، اسکوائش اسٹور پر 104 روپے اور عام مارکیٹ میں130 روپے میں فروخت ہورہی ہے

تاہم اس فرق کے باوجود شہریوں میں ایک طبقہ ایسا ہے جو اس کے معیار اور وزن پر مطمئن نہیں جبکہ بیشتر لوگ قیمتوں میں اس واضح فرق کا بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اور اس کاثبوت یہ ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر ہمہ وقت خریداروں کا رش دکھائی دیتا ہے اور یہی اس کارپوریشن کی کامیابی کی دلیل سمجھی جاسکتی ہے۔