فلم ’’رئیس‘‘ کا ٹریلر جاری، ماہرہ خان کے لاجواب جلوے

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2016
فلم ماہرہ خان شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار نبھارہی ہیں، فوٹو : فائل

فلم ماہرہ خان شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار نبھارہی ہیں، فوٹو : فائل

ممبئی: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم رئیس کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا جب کہ فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی موجود ہیں۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’رئیس ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچ گیا اور فلم میں ماہرہ خان کے کردار کے حوالے سے تمام خدشات دم توڑ گئے ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باعث بھارت میں نا صرف پاکستانی اداکاروں کی فلموں کی نمائش روک دی گئی تھی بلکہ فلموں میں موجود پاکستانی اداکاروں کے مناظر نکالنے کا بھی مطالبہ سامنے آیا تھا بالخصوص شاہ رخ خان کی فلم رئیس سے پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے مناظر نکالنے کے حوالے سے مطالبات سامنے آئے تھے لیکن فلم رئیس کے ٹریلر کے بعد تمام خبریں بے بنیاد ثابت ہوئیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ’’رئیس‘‘ سے ماہرہ کے مناظر نکال دیئے گئے

فلم کے ٹریلر میں ماہرہ خان ایک سیدھی سادھی لڑکی کے روپ میں نظر آرہی ہیں جو ناصرف شاہ رخ خان کے ساتھ گھوم پھر رہی ہیں بلکہ کنگ خان کے ساتھ بائیک پر بیٹھ کر گانا بھی گانے میں مصروف ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ماہرہ کا ’’رئیس‘‘ پر تبصرے سے گریز

فلم کے جاری کئے گئے ٹریلر میں ماہرہ خان ایک بااعتماد اداکارہ کے کردار میں نظر آرہی ہیں اور اس بات کا قطعی اندازہ نہیں ہوتا کہ یہ ان کی بالی وڈ میں پہلی فلم ہے۔ ٹریلر میں ماہرہ کے برعکس شاہ رخ خان کا کردار ایک اسمگلر اور انڈرورلڈ ڈان کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو غیر قانونی طریقوں سے پیسہ کماتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :  ماہرہ ’’رئیس‘‘ کے لیے پریشان

واضح رہے کہ راہول ڈھولکیا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ماہرہ خان شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار نبھارہی ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں نواز الدین صدیقی اور عبد الاحد آصف بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔