باراتیوں سے لوٹ مار کے دوران فائرنگ دولہے کا بھائی ہلاک

دوسرا ملزم پیدل فرار ،ملزمان نے دولہا کے عقب میں چلنے والی کار کو روک کر لوٹ مارکی کوشش کی، اشفاق حسین۔


Staff Reporter December 24, 2012
فیاض حسین کی یاد گار تصویر۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

شارع فیصل لال قلعہ ریسٹورانٹ کے سامنے موٹر سائیکل سوار ملزمان کی باراتیوں سے لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے دولہا کا بھائی ہلاک اور دولہا زخمی ہو گیا۔

باراتیوں نے ایک ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا، تفصیلات کے مطابق بہادر آباد تھانے کی حدود شارع فیصل لال قلعہ ریسٹورانٹ کے قریب باراتیوں سے لوٹ مار کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مزاحمت پر فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں40 سالہ فیاض حسین ولد عبد الغنی ہلاک جبکہ اس کا بھائی دولہا اشتیاق حسین زخمی ہو گیا، ہلاک ہونے والے کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی جبکہ زخمی ہونے والے کو طبی امداد کیلیے نجی اسپتال لے جایا گیا،مقتول مکان نمبر 882گلی نمبر29محمود آباد نمبر6کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا جبکہ مقتول کا گھر میں ہی غنی جنرل اسٹور تھا۔

مقتول کے بڑے بھائی اشفاق حسین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ اپنے چھوٹے بھائی اشتیاق کی بارات لے کر ملیر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے دولہا کے عقب میں چلنے والی کار کو روک کر اس میں سوار خواتین اور دیگر لوگوں سے لوٹ مار شروع کر دی جس پر کار میں سوار فیاض حسین نے مزاحمت کی جس پر ملزم نے فائرنگ کر دی جسکے نتیجے میں فیاض کی گردن اور سینے پر 2 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر کچھ دیر تڑپنے کے بعد دم توڑ گیا۔

09

فائرنگ کی آواز سن کر بارات میں شامل دیگر افراد بھی رک گئے اور ایک ملزم کو پکڑ کر اس کے ہاتھ سے پستول چھین کر اسے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جبکہ دوسرا ملزم پیدل فرار ہو گیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پکڑے گئے ملزم کو باراتیوں کے چنگل سے چھڑا کر نیم مردہ حالت میں جناح اسپتال پہنچایا جہاں سے پولیس اسے ابتدائی طبی امداد کے بعد نامعلوم مقام پر لے گئی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کا نام تیمور حیدر ہے جو کچھ عرصہ قبل تک سندھی مسلم سوسائٹی میں رہائش پذیر تھا تاہم ان دونوں اس نے اپنے اہلخانہ کے ساتھ منظور کالونی میں رہائش اختیا رکی ہوئی تھی،ملزم سے برآمد ہونے والا پستول ایس ایچ او بہادر آباد کے سپرد کر دیا گیا۔