کوہستان میں ایف سی اہلکار کی فائرنگ سے شہری جاں بحق 3 اہلکار گرفتار

ایف سی کی ایمبولینس کی ٹیکسی سے ٹکرہوگئی جس کے بعد تلخ کلامی ہوئی اوربات بڑھنے پرایف سی اہلکار نےفائرنگ کردی،پولیس


ویب ڈیسک December 24, 2016
ایف سی اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت فاروق ولد عبداللہ سے ہوئی ہے، ایس ایچ او نصیرالدین۔ فوٹو: ایکسپریس

کوہستان میں فرنٹیئرکانسٹیبلری کے اہلکار کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا جس کے بعد شہریوں کے شدید احتجاج پر 3 ایف سی اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوہستان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری اور ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہو گئی اور ایف سی اہلکار نے مشتعل ہو کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ نوجوان کی ہلاکت کے بعد اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ایف سی کی گاڑی کو سڑک پر الٹا کرکے احتجاج شروع کردیا جس کے باعث گلگت بلتستان سے راولپنڈی جانے والی تمام گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ایس ایچ او تھانہ کمیلہ نصیرالدین نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایف سی کی ایمبولینس اسپتال سے آرہی تھی کہ راستے میں ایک ٹیکسی سے ٹکر ہو گئی جس کے بعد ٹیکسی ڈرائیور اور ایف سی اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی اور تصادم بڑھنے پر ایف سی اہلکار نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت فاروق ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب مظاہرین کے شدید احتجاج پر فائرنگ میں ملوث 3 ایف سی اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں خان گل، حسن احمد اور ڈرائیور تیمور شامل ہے جن کے خلاف کومیلا تھانے میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ کمیلہ کا کہنا تھا کہ مقدمے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایف سی اہلکاروں کی گرفتاری کے بعد مظاہرین نے احتجاج کل تک مؤخر کردیا۔

مقبول خبریں