کراچی ہاکی پلیئرزکوسینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان

45 کھلاڑی منتخب، سینئرٹیم کو15، اے اور بی پلیئرزکو10اور5 ہزارماہانہ ملیں گے


Sports Reporter January 04, 2017
45 کھلاڑی منتخب،سینئرٹیم کو15، اے اور بی پلیئرزکو10اور5 ہزارماہانہ ملیں گے فوٹو:فائل

HYDERABAD: صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ نے قومی کھیل کے فروغ کیلیے کراچی کے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

ارتقا حسن زیدی میموریل جونیئر ہاکی لیگ کی اختتامی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پی ایچ ایف کے ویژن2020 کے مطابق ملک میں ہاکی کے کھوئے ہوئے مقام کی بحالی کے لیے شہرقائد میں بھی کاوشیں جاری ہیں، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور اس کو مستحکم کرنے کے لیے کے ایچ اے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دے گی، فیصلہ کے مطابق ابتدائی طورپرمنتخب 45 کھلاڑیوں کو ماہانہ بنیادوں پر مشاہرہ دیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت قومی ایونٹس میں شرکت کے لیے تیار کی جانے والی کراچی کی 15 رکنی سینئر ٹیم کے ہرکھلاڑی کو ماہانہ15 ہزار روپے دیے جائیں گے، جونیئرسطح پر اے اور بی ٹیم کے 15،15 کھلاڑی ہر ماہ بالترتیب 10 اور5 ہزار روپے حاصل کرپائیں گے۔

ڈاکٹرجنید نے کہا کہ ہم سالانہ کلینڈر ترتیب دیکرمستقل بنیادوں پر سینئر اورجونیئر ایونٹس کا انعقاد یقینی بنائیںگے ، بہترین کوچز کی زیر نگرانی کیمپس میں کھلاڑیوں کی تربیت کا اہتمام کیا جائیگا جبکہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے تعلیمی سلسلے کو برقراررکھنے اور پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں میں علم کے حصول کے مواقعوں کی فراہمی میں بھرپور تعاون بھی کیا جائیگا۔