کراچی حصص مارکیٹفروخت پردبائومزید5ارب کانقصان

انڈیکس27پوائنٹس کمی سے14526ہو گیا،28فیصدحصص کی قیمتیں گر گئیں


Business Reporter July 28, 2012
انڈیکس27پوائنٹس کمی سے14526ہو گیا،28فیصدحصص کی قیمتیں گر گئیں ۔ فوٹو: اے ایف پی

مستقبل کے سودوں کے تصفیوں میں مصروفیت اور تصفیوں کیلیے ہولڈشدہ حصص کی فروخت پر دبائو بڑھنے کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتارچڑھائو کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے لیکن اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر بلیوچپس کی خریداری بڑھنے سے انڈیکس کی14500 کی حد بدستور مستحکم رہی،

مندی کے باعث28.38 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے5 ارب14 کروڑ87 لاکھ88 ہزار 726 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم متعارف کرانے کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو رواں سال پی ٹی سی ایل کے منافع میں کمی کے خدشات لاحق ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے جمعہ کو پی ٹی سی ایل کے حصص کی فروخت پر دبائو زیادہ رہا،

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر16 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن خریداری کی نسبت فروخت کا دبائو بڑھنے کی وجہ سے مذکورہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر17 لاکھ 66 ہزار190 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری بھی کی گئی لیکن اس کے مثبت اثرات مارکیٹ پر مرتب نہ ہوسکے

کیونکہ کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے57 ہزار421 ڈالر، بینکوں و مالیاتی اداروں کی جانب سے9 لاکھ9 ہزار810 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے33 ہزار491 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے7 لاکھ65 ہزار467 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا،

مندی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 26.88 پوائنٹس کی کمی سے 14526.41 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس11.04 پوائنٹس کی کمی سے 12581.70 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 5.16 پوائنٹس کی کمی سے 24983.36 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 28.38 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر5 کروڑ83 لاکھ39 ہزار350 حصص کے سودے ہوئے

جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار239 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 98 کے بھائو میں اضافہ، 121 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھائو 176.40 روپے بڑھ کر3710 روپے اور یونی لیور پاکستان کے بھائو35 روپے بڑھ کر7360 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیورفوڈ کے بھائو40 روپے کم ہوکر2850 روپے اورشاہ تاج شوگرملز کے بھائو3.28 روپے کم ہو کر 79.12 روپے ہوگئے۔