وزیراعظم کی نااہلی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور

ویب ڈیسک  بدھ 18 جنوری 2017
سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے.  فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کر رہا ہے۔ آج سماعت کے آغاز پر ہی جسٹس آصف سعید کھوسہ نے درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وزیراعظم کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست دائر

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاناما لیکس کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل کے بعد جماعت اسلامی کے وکیل توفیق اسلام دلائل دیں گے تاکہ تمام درخواست گزاروں کے دلائل سننے کے بعد فریقین کے دلائل سنے جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاناما کیس پر وزیراعظم ایوان میں تقریر کرکے پھنس گئے

سماعت سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے قوم سے جھوٹ بولا اور ٹیکس چوری کیا، ہمارا موقف بڑا واضح ہے کہ جن لوگوں کا نام بھی پاناما لیکس میں آیا ہے سب کا احتساب ہونا چاہیئے لیکن وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب سب سے پہلے ہونا چاہیئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔