چوری کا موبائل فون بیچنے والے دکاندار پر مقدمہ اور استعمال شدہ موبائل فون کی تصدیق لازمی قرار

دکاندارنے چوری کیا گیایاچھینا ہواموبائل فون بغیرتصدیق فروخت کیا تو وہ خریدارکوقیمت ادا کرے گا


Staff Reporter February 02, 2017
دکاندارخریدے اورفروخت کیے گئے تمام موبائل فونزکاریکارڈرکھے گا۔ فوٹو؛ فائل

کسی دکاندار نے چوری یا چھینا ہوا موبائل فون بغیر سی پی ایل سی سے تصدیق کیے فروخت کیا تو وہ خریدار کو اس کی قیمت ادا کرنے کا پابند ہوگا اور دکاندار پر پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن411 لاگو ہوگی تاہم سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی، پولیس اور کراچی الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلر ایسویسی ایشن نے مشترکہ طور پر استعمال شدہ موبائل فون کی خرید و فروخت کا طریقہ کار وضع کرتے ہوئے فارم جاری کردیے۔

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی، پولیس اور کراچی الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلر ایسویسی ایشن نے مشترکہ طور پر چوری اور چھینے جانے والے موبائل فون کی خریدوفروخت کی روک تھام کے لیے استعمال شدہ موبائل فون کی خریدوفروخت کا طریقہ کار وضع کرلیا ہے جس کے مطابق دکاندار استعمال شدہ موبائل فون خریدنے سے پہلے سی پی ایل سی کی ہیلپ لائن 1102یا فون نمبر 35682222 پر رابطہ کر کے تصدیق کرلیں کہ مذکورہ موبائل فون چوری یا چھینا ہوا تو نہیں ہے۔

دکاندار کے لیے لازم ہے کہ وہ موبائل فون فروخت کرنے والے شخص کی شناختی کارڈ کی کاپی حاصل کرلے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اگر فون چوری شدہ یا چھینا ہوا پایا گیا تو مذکورہ دکاندار مجرم ہوگا اگر کسی دکاندار نے چوری یا چھینا ہوا موبائل فون بغیر تصدیق کیے فروخت کیا تو وہ خریدار کو اس کی قیمت ادا کرنے کا پابند ہوگا اور دکاندار پر پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن411 لاگو ہوگی دکاندار پر لازم ہے کہ وہ استعمال شدہ موبائل فون فروخت کرنے والے کا موجودہ قابل تصدیق موبائل نمبر ضرور حاصل کرے اگر کوئی موبائل فون سی پی ایل سی کے ریکارڈ یا ڈیٹا بیس میں چوری یا چھینا ہوا پایا گیا تو دکاندار اس کو اپنے قبضہ میں لے کر سی پی ایل سی، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کو فوری اطلاع کرے دکاندار کے لیے کسی بھی بلاک موبائل فون کو ان بلاک کرنے کی کوشش کرنا یا کسی بھی طریقے سے اس غیرقانونی کام میں شریک ہونا سختی سے منع ہے دکاندار خریدے گئے اور فروخت کیے گئے تمام موبائل فونزکا ریکارڈ رکھے گا۔

سی پی ایل سی چیف زبیر حنیف نے بتایا کہ ہفتے کو ڈی آئی جی جنوبی آزاد خان کے دفتر میں چوری اور چھینے جانے والے موبائل فون کی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے اجلاس ہوا تھا جس میں سی پی ایل سی کے نمائندوںپولیس حکام اور کراچی الیکٹرانکس مارکیٹ ڈیلر ایسویسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی تھی اور اسی اجلاس میں چوری اور چھینے جانے والے موبائل فون کی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے مشترکہ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے تحت ایک فارم الیکٹرانکس مارکیٹ کے دکانداروں میں تقسیم کیا جائے گا جس میں موبائل فون فروخت کرنے والے شخص کا نام ، شناختی کارڈ نمبر اس کا پتہ، موبائل فون بنانے والی کمپنی کا نام، اس کا رنگ، آئی ایم ای آئی نمبر، سیلز مین، اونرز، دکان کا نام اور مارکیٹ کا نام تحریر کرنا ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ تصدیق کرائی جائے گی کہ موبائل فون فروخت کرنے والا شخص موبائل فون چوری شدہ یا چھینا ہوا ہونے کی صورت میں پوری طرح ذمے دار ہو گا اور موبائل فون کی مکمل قیمت مالک یا شکایت کرنے والے کو ادا کرنا ہوگی اور موبائل فون فروخت کرنے والے کو ایک گواہ بھی اپنے ساتھ لانا ہوگا اور اس کے کوائف بھی لیے جائیں گے انھوں نے بتایا کہ تحریر نامے میں دکاندار سے بھی تصدیق لینا لازمی ہوگی جس میں دکاندار کو موبائل فون سی پی ایل سی سے چیک یا تصدیق کرانے کی تاریخ اور اس بات کی تصدیق کرائی جائے گی کہ مذکورہ شخص اس کی دکان پر موبائل فون فروخت کرنے آیا تھا۔