عمران بٹ نے ہاکی ٹیم سے اخراج کا غصہ کوچ پر نکال دیا

ٹیم میرٹ پر منتخب نہیں ہوئی اورخواجہ جنید کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت دے رہے ہیں، گول کیپر


Sports Reporter February 06, 2017
ٹیم میرٹ پر منتخب نہیں ہوئی اورخواجہ جنید کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت دے رہے ہیں، گول کیپر ۔ فوٹو فائل

ISLAMABAD: قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے کوچ کے خلاف علم بغاوت بلند کردیا انہوں نے الزام لگایا کہ ٹیم کو میرٹ پر منتخب نہیں کیا گیا اور ہیڈ کوچ خواجہ جنید کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت دے رہے ہیں جب کہ مجھ پر غداری کا الزام لگایا ہے پی ایچ ایف سے درخواست کرتا ہوں کہ خواجہ جنید کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے برطرف کیا جائے۔

رواں برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل ہی قومی ٹیم انتشار کا شکار ہو گئی، کیمپ سے نکالے جانے والے سینئر کھلاڑی اور گول کیپر عمران بٹ نے ہیڈ کوچ کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بہت ہو چکا اب چپ نہیں بیٹھوں گا، قومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید کھلاڑیوں کو ذہنی اذیت دے رہے ہیں جب کہ مجھ پر غداری کا الزام لگایا ہے، دیگر کھلاڑی بھی کوچ کے خلاف ہیں، عنقریب سب کے ساتھ مل کر پریس کانفرنس کروں گا اور اس طرح کے دیگر معاملات سے بھی پردہ ہٹاؤں گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :قومی ہاکی کو پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے لیگ کا انعقاد ضروری

عمران بٹ نے کہا کہ یہ سب صرف ملک میں ہاکی کی بہتری کیلیے کررہا ہوں، میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں آج جو کچھ بھی ہوں، ہاکی کی بدولت ہوں، میرے بیان کو غلط انداز میں لیا گیا، پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد سینئر قومی کھیل کو اس کا اصل مقام واپس دلانے کیلئے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں، پرامید ہوں کہ عہدیداروں کی موجودگی میں ہاکی کا کھیل دوبارہ عروج کی حدوں کو چھوئے گا۔

دوسری جانب تنقید کا جواب دینے کے لیے خواجہ جنید کی آج لاہور میں پریس کانفرنس متوقع ہے، ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ آج پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں واقع ہیڈ کوارٹر میں آئیں گے اور ساتھیوں سے مشورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کریں گے۔