ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں ترامیم کی جائیں گی منیر قریشی

ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایاجائیگا،وفاقی سیکریٹری تجارت


Business Reporter July 29, 2012
ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایاجائیگا،وفاقی سیکریٹری تجارت. فائل فوٹو

وفاقی سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم بنایاجائیگا، اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی پہلو کو اپناتے ہوئے برآمدی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوںنے گزشتہ شب وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت پاکستان کے سابق نائب صدر زبیر طفیل کی جانب سے دیے گئے عشائیے کے موقع پر کہی،

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر فضل قادر شیرانی،سابق صدر طارق سعید،نائب صدورشکیل احمد ڈھینگرا، ہارون رشید، اقبال پاک والا نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ اس موقع پرسارک چیمبر کے نائب صدر افتخارعلی ملک، میاں زاہد حسین، شیخ منظرعالم، خرم سعید، زکریا عثمان، دائود عثمان جھکورا، ہمایوں سعید، مظہر اے ناصر اور دیگر بھی موجودتھے۔ وفاقی سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے کہا کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات دور کرنے کیلیے ضروری ترامیم کی جائیں گی

جبکہ ہمسایہ ممالک افغانستان،ایران ،بھارت اور بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط مراسم استوار کیے جائیں گے۔ انہوں نے تاجروصنعت کاربرادری کویقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائیگا اور ملکی برآمدات میں اضافے کیلیے ہرممکن اقدامات کیے جائینگے ۔اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی فضل قادرشیرانی نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز ملک کی تعمیر و ترقی کیلیے ہروقت کوشاں ہیں اور وزارت تجارت کو بھرپورتعاون فراہم کرنے کیلیے تیارہیں۔

تقریب کے میزبان زبیر طفیل نے کہا کہ پاکستان کی بیرون ملک برآمدات میں اضافے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے پر بھی بھرپور توجہ مرکوزکی جائے اور برآمدی اہداف کو پورا کرنے کیلیے تاجربرادری کو سازگارماحول فراہم کیا جائے۔