کراچی میں سپر ہائی وے پر کارروائی کے دوران خودکش بمبار سمیت 9 دہشتگرد ہلاک، پولیس

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
دہشت گرد کراچی میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جن میں رینجرز ہیڈ کوارٹر ان کا اہم ٹارگٹ تھا، ایس ایس پی ملیر، فوٹو؛ فائل

دہشت گرد کراچی میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جن میں رینجرز ہیڈ کوارٹر ان کا اہم ٹارگٹ تھا، ایس ایس پی ملیر، فوٹو؛ فائل

کراچی: ایس ایس پی ملیر راؤ انور نے سپر ہائی وے پر مقابلے میں خودکش بمبار سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی میں سپرہائی وے  کے قریب افغان بستی پر چھاپہ مار کر 4 دہشت گردوں کو حراست میں لیا، دوران تفتیش گرفتار دہشت گردوں نے بتایا کہ اس کے مزید ساتھی افغان بستی میں ہوٹل کے عقب میں موجود ہیں جس پر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ چھاپہ مارا تو علاقے میں چھپے دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ملک بھر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 62 دہشت گرد ہلاک

ایس ایس پی راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے بعد علاقے میں پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی اور علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا جس میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ایس ایس پی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت الاحرار سے ہے جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل ہے جس کی شناخت رضی محمد کے نام سے ہوئی۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کراچی میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جن میں رینجرز ہیڈ کوارٹر ان کا اہم ہدف تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں اب تک 27 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔