فیصل آباد میں نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ گرکرتباہ، انسٹرکٹر اور ٹرینی پائلٹ جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 24 فروری 2017
طیارے کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، ریسکیو ذرائع ۔ فوٹو : آئی این پی

طیارے کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، ریسکیو ذرائع ۔ فوٹو : آئی این پی

فیصل آباد: نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہونے سے اس میں سوار ٹریننگ انسٹرکٹر اور زیر تربیت پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔

فیصل آباد میں ہوا بازی کی سہولت فراہم کرنے والے نجی ادارے شاہین فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد ہی فنی خرابی کے باعث فضا میں چکر لگانے لگا، طیارے کو فوری طور پر اتارنے کی کوشش کی گئی لیکن اسی دوران ہی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔

حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار ٹریننگ انسٹرکٹر اور زیر تربیت پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں قریبی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ فلائنگ کلب کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ حادثہ طیارے میں فنی خرابی کے باعث پیش آیا تاہم اس حوالے سے کوئی بھی حتمی بات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کی جاسکے گی۔

دوسری جانب تربیتی طیارے کے گرنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا جب کہ شاہین ایئرفلائنگ ٹریننگ اسکول کو سیل کردیا گیا اور تحقیقات کے لیے ریکارڈ بھی قبضہ میں لے لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔