شکیب الحسن پاکستان آ کر کھیلنے کیلیے بیتاب

اسپورٹس ڈیسک  پير 27 فروری 2017
پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہوتا تو اور زیادہ جوش و جذبہ دیکھنے کو ملتا، شکیب الحسن

پاکستان سپر لیگ کا انعقاد پاکستان میں ہوتا تو اور زیادہ جوش و جذبہ دیکھنے کو ملتا، شکیب الحسن

پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پاکستان میں کھیلنے کا بیتابی سے انتظار کر رہے ہیں لیکن وہ زلمی کے فائنل میں پہنچنے پر اپنی انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے پاکستان نہیں آئیں گے۔

ایکسپریس ٹربیون سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری مرتبہ 2008 میں پاکستان آ کر کھیلنے کا موقع ملا جو میرے لیے ایک خوشگوار تجربہ رہا، شائقین، گراؤنڈز اور وہاں کا ماحول سب چیزیں بہت شاندار تھیں، میں حالات بہتر ہونے پر دوبارہ پاکستان کیلیے کھیلنا چاہتا ہوں۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کے پاکستان کے باہر انعقاد سے اس کی کچھ رونقیں ضرور ماند پڑی ہیں، اگر ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں ہوتا تو اور زیادہ جوش و جذبہ دیکھنے کو ملتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : وزیراعظم نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کا گرین سگنل دیدیا

شکیب نے گزشتہ ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی تھی اور حالیہ ایڈیشن میں وہ پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ون ڈے انٹرنینشلز اور ٹی 20 کے نمبر ون آل راؤنڈر اس سے قبل 2008 میں پاکستان میں آ کر کھیلے تھے، ون ڈے سیریز میں اگرچہ بنگلہ دیش کو پاکستان کے ہاتھوں 0-5 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن شکیب الحسن نے بیٹنگ اور بولنگ میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس میں ایک سنچری اور ایک مین آف دی میچ ایوارڈ بھی شامل تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کرانے پر اتفاق

واضح رہے کہ شکیب الحسن اور دوسرے بنگلہ دیشی پلیئرز انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے 28 فروری کو واپس چلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔