بنگلورٹیسٹ، آسٹریلیا کو بھارت پر برتری حاصل 

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 5 مارچ 2017
مشکل وکٹ اور مہلک اٹیک کے سامنے کینگروز نے 6و کٹ پر 237رنز بنالیے ۔ فوٹو : اے ایف پی

مشکل وکٹ اور مہلک اٹیک کے سامنے کینگروز نے 6و کٹ پر 237رنز بنالیے ۔ فوٹو : اے ایف پی

بنگلور: دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کینگروز نے انتہائی احتیاط سے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ پر 237 رنز بنالیے اور 48 رنز کی ’قیمتی‘ برتری بھی حاصل ہوگئی، شان مارش 66 اور میٹ رینشا 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، دن کے اختتام پر میتھیو ویڈ 25 اور مچل اسٹارک 14 رنز کے ساتھ موجود تھے، روندرا جڈیجا نے 3 وکٹیں لیں، باقی دنوں میں بارش کا خطرہ بھی موجود ہے۔

بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم کی وکٹ بیٹنگ کے لیے انتہائی دشوار ثابت ہورہی ہے، دوسرے ہی روز یہ مکمل طور پر خشک ہوچکی اور ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہونے لگی ہے، جس کی وجہ سے اسپنرز کو جہاں ٹرن مل رہا ہے وہیں فاسٹ بولرز غیرمتوازن باؤنس سے بیٹسمینوں کیلیے مشکلات پیدا کررہے ہیں، ایسی صورت میں کینگروز نے انتہائی سنبھل کر کھیلتے ہوئے پورے دن میں صرف 197 رنز بنائے تاہم ابتدائی روز کے بغیر کسی نقصان پر بنائے گئے 40 رنز کی وجہ سے ان کی پوزیشن قدرے مستحکم اور ابھی بھی چار وکٹیں باقی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :آسٹریلیا کا دوسرے ٹیسٹ کیلیے پونے کی فاتح الیون پر اعتماد برقرار

دوسرے دن کے آغاز پر ڈیوڈ وارنر کو ایشون نے اپنی چکمہ دیتی ہوئی گیند سے قابو کیا، آسٹریلوی اوپنر نے پہلے تیزی سے ٹرن لیتی گیند کو پیڈ سے سنبھالنا چاہا مگر اس کا رخ اسٹمپس کی جانب دیکھ کر تیزی سے ہاتھ بھی آگے بڑھایا مگر وہ بیٹ کے قریب سے گزرتی ہوئی اسٹمپس سے جاٹکرائی، انھوں نے 33 رنز بنائے، کپتان اسٹیون اسمتھ نے جڈیجا کے خلاف دفاعی اسٹریٹ شاٹ کھیلنا چاہا مگر گیند اندرونی کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر وردھیمان ساہا کے گلوز میں سما گئی، اس موقع پر 20 سالہ میٹ رینشا اور 33 سالہ شان مارش کے درمیان اس میچ کی طویل ترین شراکت قائم ہوئی انھوں نے 25.1 اوورز تک مشکل وکٹ پرمیزبان اٹیک کا ڈٹ کر سامنا کیا اور مشترکہ طور پر 52 رنز کا مجموعے میں اضافہ کیا۔ 60 کے انفرادی اسکور پر رینشا نے جڈیجا کو باہر نکل کر کھیلنا چاہا مگر گیند قریب سے گزر کر ساہا کے گلوز میں گئی جنھوں نے بروقت انھیں اسٹمپڈ کردیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :پونے کی تھرڈ کلاس پچ پرآئی سی سی کا سخت نوٹس

پیٹر پینڈز کومب 16 کو جڈیجا نے ایشون کی مدد سے قابو کیا، مچل مارش بغیر کھاتہ کھولے ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ شان مارش نے 197 بالز پر 66 رنز بنائے اور یادیو کی گیند پر نائیر کا کیچ بن گئے، جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے 6 وکٹ پر 237 رنز بناکر 48 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، ویڈ 25 اور اسٹارک 14 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، جڈیجا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔