پاکستان ون ڈے کپ کا میلہ آج سجے گا

افتتاحی مقابلے میں بلوچستان اور پنجاب کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گے


Sports Reporter April 16, 2017
فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ 10 لاکھ روپے ملیں گے۔ فوٹو : فائل

پاکستان ون ڈے کپ کا میلہ آج شروع ہوگا، کئی اسٹار کرکٹرز بھی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایونٹ کی رونقیں بڑھائیں گے تاہم حریف ٹیموں کیساتھ سخت گرمی کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

افتتاحی روزبلوچستان اورپنجاب کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پیر کو فیڈرل ایریاز اور خیرپختونخوا کی ٹیمیں میدان سنبھالیں گی، سندھ کی ٹیم منگل کو بلوچستان کیخلاف مقابلے سے مہم کا آغاز کرے گی۔برقی قمقمون کی روشنی میں ہونے والے اس مقابلے میں پنجاب ٹیم کی قیادت عمر اکمل کریں گے جبکہ ٹیم کے دیگر پلیئرز میں عبدالرحمن مزمل، ارسل شیخ، بلاول بھٹی، فہیم اشرف، حماد اعظم، جنید خان، کامران اکمل، خوشدل شاہ، ناصر نواز، رضا علی ڈار، سعد نسیم، سلمان بٹ، عمرامین اور ذوالفقاربابر شامل ہیں۔

بلوچستان اسکواڈ کی باگ ڈور فخر زمان کو سونپی گئی ہے، دوسرے کھلاڑیوں میں عامر یامین، آغا سلمان، عزیزاللہ، بسم اللہ خان، غلام مدثر، ایچ وہاب، امام الحق، خالد عثمان، رمیز عزیز، سعد علی، صاحبزادہ فرحان، صہیب مقصود، تیمور خان اور عثمان خان شامل ہیں۔ میچ میں ضمیرحیدراوراحسن رضا فیلڈ امپائرز ہوں گے، احمد شہاب ٹی وی امپائر کی ذمہ داری ادا کرینگے جبکہ غفارکاظمی ریزرو امپائراور ندیم ارشد ریفری ہوں گے۔

29اپریل تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 11میچز کھیلے جائیں گے، کپ کی فاتح ٹیم 20 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم 10 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی۔ ٹورنامنٹ میں بیسٹ بیٹسمین، بیسٹ بولر، آل راؤنڈر،آؤٹ اسٹینڈنگ کرکٹر اور مین آف دی فائنل کو بھی 50 ، 50 ہزار روپے کے کیش ایوارڈزدیے جائیں گے۔

ادھر ون ڈے کپ میں افتتاحی میچ کا نتیجہ اپنے نام کرنے کے لیے دونوں کپتان پرعزم ہیں، پنجاب ٹیم کے کپتان عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ہماری تیاریاں بھر پور ہیں، میچ جیت کر ایونٹ میں فاتحانہ انداز میں آغاز کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان کرکٹ ٹیم کے کپتان فخر زمان بھی حریف سائیڈ کو کسی طور پر بھی کمزورماننے کو تیار نہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم بھرپورتیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے، ون ڈے کپ میں پنجاب سمیت دوسری ٹیموں کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پر امید ہیں۔

ایونٹ میں کئی اسٹار کرکٹرز بھی شریک ہورہے ہیں، کھلاڑیوں کو حریف ٹیموں کیساتھ سخت گرمی کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا، یاد رہے کہ فیڈرل ایریاز ٹیم کا کپتان عماد وسیم کو مقرر کیا گیا ہے، دیگر پلیئرز میں عبداللہ شفیق، عابد علی، حارث سہیل، حسن خان، حسین طلعت، محمد حفیظ، محمد عرفان، روحیل نذیر، سمین گل، سمیع اسلم، سرمد بھٹی، سہیل خان اور زوہیب احمد شامل ہیں۔ سلیکٹرز نے اسکواڈ میں محمد عباس کا بھی انتخاب کیا تھا تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن جانے کی وجہ سے اس ایونٹ میں شامل نہیں ہوں گے۔

خیبرپختونخوا ٹیم کا سپہ سالار وکٹ کیپر محمد رضوان کو بنایا گیاہے، دیگر کھلاڑیوں میں عادل امین، افتخار احمد، عمران بٹ، عمران خان، اسراراللہ، کاشف بھٹی، محمد نعیم، محمد سمیع، نبی گل، شعیب ملک، وقاص محمود، ظفر گوہر اور تاج ولی شامل ہیں، اسی ٹیم میں شاداب خان کو بھی شامل کیا گیا تھا تاہم وہ ویسٹ اینڈیز کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔سندھ ٹیم کے کپتان انور علی ہوں گے، دیگرکھلاڑیوں میں اکبر الرحمن، آصف ذاکر، فواد عالم، حسن محسن، خرم منظور، میرحمزہ، محمد حسن، محمد نواز، رومان رئیس، سیف بدر، سعود شکیل، عمر گل، اسامہ میراور زین عباس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ کے ذریعے عمل میںآیا تھا، ٹیم کے کھلاڑیوں میں 5 مہمان کرکٹرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔