مارچ میں حکمرانوں کا کوئک مارچ ہوجائے گا نواز شریف

اچھی خبر یہ ہے کہ ناکارہ حکمرانوں سے نجات ملے گی، لانگ مارچ کی ضرورت نہیں


Numainda Express January 18, 2013
یہ کیسی جدوجہد ہے لیڈر تو کنٹینر میں ہو اور عوام ٹھنڈ میں کھڑے ہوں، بدین میں خطاب۔ فوٹو: فائل

ن لیگ کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مارچ میں نااہل اور ناکارہ حکمرانوں سے جان چھوٹ جائے گی، حکومت کے صرف 8ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔

گزشتہ روز بدین(سندھ)میں ن لیگ کے رہنما فاضل راہو کی برسی کے موقع پر ٹیلی فون پر اجتماع سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ انتخابی عمل شروع ہونے میں صرف آٹھ ہفتے رہ گئے ہیں۔ حکومت کے5سال مارچ کے وسط میں مکمل ہوجائیں گے، اچھی خبر یہ ہے کہ نااہل اور ناکارہ حکمرانوں سے مارچ میں جان چھوٹ جائیگی، اس کے لیے آپ کو کوئی لانگ مارچ بھی کرنے کی ضرورت نہیں کہ یہ ہم نے آئین میں لکھ دیا ہے۔

مارچ میں ان حکمرانوں کا کوئیک مارچ ہوگا اور پھر 60 دن کے اندر اندر آپ اپنے لیے نئی حکومت خود بنائیں گے۔ میں اس اہم تقریب میں شمولیت کیلیے خود حاضر ہونا چاہتا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا، انھوں نے کہا کہ فاضل راہو صاحب نے اپنی زندگی، ہم سب کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلیے صرف کی، وہ سندھ کے ہاریوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلیے جدوجہد کرتے رہے، یہی میری پارٹی کا منشور ہے ۔



این این آئی کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ جو لوگ انتخاب جیت نہیں سکتے، ووٹ کی طاقت سے ڈرتے ہیں، وہ آئین کی بھی مخالفت کرتے ہیں، یہ کیسی جدوجہد ہے کہ لیڈر خود محفوظ ، آرام دہ ، بلٹ پروف ڈبے میں بیٹھا ہے اور معصوم بچوں ، کمزور عورتوں اور بزرگوں کو ٹھنڈی راتوں میں سڑکوں پر بٹھایا ہوا ہے؟۔ اگر اسے عوام کا درد ہے تو آج یہ اعلان کرے کہ میں بھی آپ کے ساتھ ٹھنڈی سڑک پر رات گزاروں گا یا اب یہ ترس کھائے اور لوگوں کو موت کے منہ میں ڈالنے کی بجائے گھر واپس جانے دے۔ عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ جو طاقت آپ کے ووٹ میں ہے وہ کسی دھرنے اور لانگ مارچ میں نہیں ہے ۔