چمڑے کی اسمگلنگ روکنے کیلیے سہولتیںدینگےمنیرقریشی

لیدرانڈسٹری کوخام مال فراہمی کیلیے گوشت کی ویلیوایڈیشن کوسپورٹ کیا جائیگا


Business Reporter July 31, 2012
لیدرانڈسٹری کوخام مال فراہمی کیلیے گوشت کی ویلیوایڈیشن کوسپورٹ کیا جائیگا

سیکریٹری تجارت منیر قریشی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ خام لیدر کی اسمگلنگ کی روک تھام اور مس ڈکلریشن کے خاتمے کیلیے وفاقی وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے لیدر انڈسٹری کو سہولتیں اور سپورٹ جاری رہے گی۔ وہ کراچی کیمپ آفس میں لیدر انڈسٹری کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو طاہر رضا نقوی نے لیدر سیکٹر کے تحفظ کیلیے وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے کردار پر روشنی ڈالی، اس مقصد کیلیے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم نے کسٹم حکام سے رابطے ملاقاتیں کی ہیں تاکہ اسمگلنگ کے مسئلے کو ختم کیا جاسکے۔

سیکریٹری کامرس منیر قریشی نے کہا کہ پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مل کر خام لیدر کی ایکسپورٹ کی نگرانی کیلیے حکمت عملی تیار کررہے ہیں، وزارت تجارت ملک میں پراسیس میٹ کی ویلیو ایڈیشن کو سپورٹ کریگی تاکہ ملک کی لیدر انڈسٹری کو خام مال کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ انہوں نے پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کو تجویز دی کہ ٹیکس ری بیٹ کے بارے میں اپنے کیس فنانس ڈویژن اور ایف بی آر کو ارسال کریں،

وزارت تجارت اس ضمن میں اپنی تجاویز ایف بی آر کو ارسال کر دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت تجارت 3سالہ ٹریڈ پالیسی فریم ورک تیار کررہی ہے جس کیلیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی تجاویز مرتب کرے گی اور مالی وسائل دیکھتے ہوئے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ لیدر انڈسٹری کے وفد میں چیئرمین ایس ایم نسیم، نسیم شفیع، گلزار فیروزشامل تھے۔