تحریک انصاف نے چیرمین نیب کے خلاف ریفرنس دائر کرادیا

ویب ڈیسک  پير 24 اپريل 2017

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے سپریم جوڈیشل کونسل میں چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کے خلاف ریفرنس دائر کرادیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت پاناما کیس کے فیصلے کو بنیاد بناتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل میں چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے۔

ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں احتساب کے سب سے بڑے ادارے کا سربراہ غیرجانبدار نہیں، وزیراعظم نوازشریف اور ان کا خاندان غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایاگیا لیکن چیرمین نیب نے ان کے خلاف اپنے عہدے سے ناانصافی کرتے ہوئے اپنا اختیار استعمال نہیں کیا۔ پاناما کیس کے فیصلے میں بھی کہا گیا ہے کہ چئیرمین نیب قمرزمان چوہدری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر رضامند نہیں اور نیب کا رویہ بھی غیرمناسب ہے، عدالت کے اس فیصلے کے بعد عوام کے سامنے نیب کا تشخص تباہ ہوا جب کہ چئیرمین نیب نے اپنی نااہلی کے باعث اپنے عہدے کا وقار بھی مجروح کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) اپنے لیڈر کے کرپٹ ثابت ہونے پرمٹھائیاں بانٹ رہی ہے

ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ  قمر زمان چوہدری نیب آرڈیننس کے سیکشن 6 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں فرائض سے غفلت برتنے پر چئیرمین نیب کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں فوری کام سے روکا جائے اور اگرچیرمین نیب کو کام سے نہ روکا گیا اور وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔