امریکا اور پاکستان کا دشمن ایک ہےامریکی سفیر

ہرممکن تعاون کرینگے ایف 16 طیاروں کی فراہمی مشترکہ مقاصد کی عکاس ہے، رچرڈاولسن


Numainda Express January 22, 2013
ایئر چیف سے ملاقات، مختلف امور پر گفتگو، باہمی تعاون کو مزید فروغ دینگے،طاہر رفیق۔ فوٹو : اے پی پی

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری ر کھے گا، انھوں نے کہا امریکا سیکیورٹی تعلقات کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے۔

امریکی سفیر نے جیکب آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایئر چیف کے ہمراہ ایف 16 طیاروں کے مسکن پی اے ایف بیس جیکب آباد کے دورے کے موقع پر انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے ۔



لہٰذا مضبوط دفاعی تعاون اور تعلقات ایک دوسرے کے بہتر مفاد میں ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ جدید ایف 16 طیاروں کی پاکستان کو فراہمی کا پروگرام دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی مضبوطی اور خطے میں امن و استحکام اور سیکیورٹی کے مشترکہ مقاصد کا عکاس ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک مشترکہ مقاصد کے حصول کیلیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔