کلارک کی انجری نے کینگروز کے حوصلے پست کردیے

سری لنکا سیریز میں فتح کا کارنامہ انجام دینے کیلیے بے چین، پانچواں ون ڈے آج ہوگا۔


Sports Desk January 23, 2013
ابتدائی دو میچز میں آرام کرنے والے مائیکل کلارک کے ٹخنے میں موچ آگئی جس کی وجہ سے ان کی میچ میں شرکت مشکوک قرار دی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان پانچواں اور آخری ون ڈے بدھ کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔

کپتان مائیکل کلارک کی انجری نے کینگروز کے حوصلے پست کردیے، سیریز بچانے کیلیے میزبان سائیڈ کو لازمی فتح درکار ہے، ابتدائی دو میچز میں آرام کرنے والے مائیکل کلارک کے ٹخنے میں موچ آگئی جس کی وجہ سے ان کی میچ میں شرکت مشکوک قرار دی جارہی ہے۔

اگر وہ بروقت فٹ نہیں ہوئے تو پھر ٹیم کی قیادت جارج بیلی کے ہاتھوں میں ہوگی، دونوں آل رائونڈرز گلین میکسویل اور موسس ہینرکس بالترتیب چھٹی اور ساتویں پوزیشن سنبھالیں گے۔ سری لنکا کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے، چوتھا میچ متنازع انداز میں بارش کی نذر ہونے کے باعث اب آسٹریلیا کے پاس سیریز جیتنے کا کوئی چانس نہیں۔



تاہم آئی لینڈرز یہ کارنامہ سرانجام دینے کو بے چین ہیں۔ ہوبارٹ میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان دو ہی میچز ہوئے جن میں مہمان ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی، تلکارتنے دلشان کوون ڈے میں7 ہزار کے سنگ میل تک پہنچنے کیلیے مزید 7 رنز درکار ہیں، گذشتہ سیزن میں میزبان وینیو پر کھیلے گئے دو ون ڈے میچزکی چاروں اننگز میں 280 پلس اسکور بنا تھا۔