فکسنگ اسکینڈل شرجیل کے کیس کی باقاعدہ سماعت شروع

ٹریبیونل کے سامنے دبئی میں انٹرویو کی ریکارڈنگ اور میچ فوٹیج دیکھی گئی، وکیل


Sports Reporter May 16, 2017
ٹریبیونل کے سامنے دبئی میں انٹرویو کی ریکارڈنگ اور میچ فوٹیج دیکھی گئی، وکیل۔ فوٹو: فائل

RAWALPINDI: پی سی بی ٹریبیونل نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان کے کیس کی باقاعدہ سماعت شروع کردی۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا،ان کا کیس اب 3رکنی ٹریبیونل میں زیر سماعت ہے، بورڈ کی جانب سے ابتدائی بریفنگ اور شواہد 5مئی کو جمع کرائے گئے تھے، جواب میں اوپنر نے اپنا دفاعی موقف 10تاریخ کو پیش کردیا تھا جبکہ ہفتے کو اے سی یو نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔

گزشتہ روز روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت شروع ہوگئی، شرجیل خان اپنے وکیل شیغان اعجاز کے ہمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور پہنچے، اس موقع پر اینٹی کرپشن یونٹ کے فراہم کردہ شواہد پر بات کی گئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیغان اعجاز نے کہا کہ دبئی میں انٹرویو کی ریکارڈنگ اور میچ کی فوٹیج دیکھی گئی ہیں، پی سی بی کے گواہان منگل سے پیش ہونگے، فیصلہ ٹریبیونل کو کرنا ہے اور اس میں چند روز لگ سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہم کارروائی سے مطمئن ہیں، امید ہے کہ فیصلہ بہتر اور انصاف پر مبنی ہوگا، وکیل نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی آڈیو ریکارڈنگ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث خالد لطیف، شاہ زیب حسن اور سہولت کاری کے ملزم ناصر جمشیدکے کیس بھی ٹریبیونل میں زیر سماعت ہیں، تینوں کرکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کیلیے شیڈول جاری کیا جا چکا ہے، کرکٹرز کے وکلا کا خیال ہے کہ پی ایس ایل کے آغاز پر ہی سامنے آنے والے اسکینڈل میں پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے کرکٹرز کے جوانٹرویوز خود ریکارڈ کیے انھیں شواہد کے طور پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔