ڈاکٹرعظمیٰ کی واپسی پر بھارتی وزیرخارجہ پاکستان کی شکر گزار

ویب ڈیسک  جمعرات 25 مئ 2017
دونوں ممالک میں پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود پاکستان نےبھارتی شہری سے جو برتاؤ کیا قابل تعریف ہے، سشما سوراج۔ فوٹو:  : رائیٹرز

دونوں ممالک میں پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود پاکستان نےبھارتی شہری سے جو برتاؤ کیا قابل تعریف ہے، سشما سوراج۔ فوٹو: : رائیٹرز

نئی دلی: بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک میں پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود ڈاکٹرعظمیٰ کو وطن واپس بھیجنے میں پاکستانی وزارت خارجہ و داخلہ نے بہت مدد کی جس پر ان کی شکرگزار ہوں۔

ملائیشیا میں پاکستانی شہری طاہرسے شادی کرنے والی بھارتی شہری ڈاکٹرعظمیٰ کے واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس پہنچنے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خوشی کااظہار کیا اور کہا کہ بھارتی شہری ڈاکٹرعظمیٰ کو وطن واپس بھیجنے میں پاکستانی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے بہت مدد کی اور اگر ان کا عمل دخل نہ ہوتا تو عظمیٰ کی گھر واپسی شاید ممکن نہ ہو پاتی۔ مجھے اپنی بچی کے واپس لوٹنے پر راحت محسوس ہورہی ہے جومیرے چہرے سے بھی عیاں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارتی شہری عظمیٰ اپنے ملک واپس پہنچ گئی

سشما سوراج کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں پائی جانے والی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے انسانی ہمدری کے تحت ایک بھارتی شہری سے جو برتاؤ اور وطن واپسی کے اقدامات کئے وہ قابل تعریف اورلائق تحسین ہے جس پر میں ان کی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے عظمیٰ کے پاکستانی وکیل بیرسٹر شاہ نواز نون اور جسٹس کیانی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر شاہنواز نون نے عظمیٰ کا کیس اپنی بیٹی سمجھ کر لڑا اور جسٹس کیانی نے کیس کا فیصلہ حقائق اور انسانیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا۔ تاہم اسلام آباد میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی کوششوں کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈاکٹرعظمیٰ کی بھارتی ہائی کمیشن میں موجودگی کا ڈراپ سین

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔