حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کے مبصر مشن پر دھرنا

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوں کا احتجاج، مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی


APP January 27, 2013
بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوں کا احتجاج، مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی فوٹو: فائل

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مبصرمشن کے دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھرنے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ حریت رہنمائوں نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود کو جمہوری ملک کہلانے کا حق نہیں رکھتا کیونکہ وہ کشمیریوں کے خلاف طاقت کاوحشیانہ استعمال کر رہا ہے ۔بھارت تحریک آزادی کو دبانے کے لیے خواتین کی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

8

آخر میں کنوینر محمود احمد ساغر نے اقوام متحدہ کے دفتر میں ایک یاد داشت پیش کی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے خاتمے، غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی اور بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ دریں اثنا صدرآزاد کشمیرسردار محمد یعقوب خان کی زیر صدارت کشمیر ہائوس اسلام آباد میںکل جماعتی گول میز کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلیے سچائی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔