نوازشریف نے ہی ملک کو اندھیرے میں دھکیلا، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  بدھ 31 مئ 2017
 گزشتہ 4 سال میں لگاتار لوڈ شیڈنگ بڑھتی رہی اور عوام اب لوڈشیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، بلاول بھٹو۔ فوٹو: فائل

گزشتہ 4 سال میں لگاتار لوڈ شیڈنگ بڑھتی رہی اور عوام اب لوڈشیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، بلاول بھٹو۔ فوٹو: فائل

 کراچی: چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا مگر ناکام رہے جب کہ لوگ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں۔

نوری آباد پاورپلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج عوام کو 100 میگاواٹ بجلی کا تحفہ دے رہے ہیں جس کے لئے وزیراعلیٰ سندھ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے توانائی پر کوئی کام نہیں کیا جب کہ نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا اور متعدد بار لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی تاریخ بھی دی لیکن لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام رہے، گزشتہ 4 سال میں لگاتار لوڈ شیڈنگ بڑھتی رہی اور عوام اب لوڈشیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف اس عمر میں بھی جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے ملکی معیشت کو سیاست کی نذرکردیا ہے اور اس ملک کو اندھیرے میں ڈالنے والے نوازشریف ہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔