3 مارچ کو کراچی میں امن مارچ کریں گے دفاع پاکستان کونسل

ہماری امن کی خواہش الطاف حسین کے ایجنڈے سے متصادم ہے،کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے،قائد متحدہ قیام امن کیلیے ساتھ دیں


Numainda Express January 29, 2013
پاکستان مخالف کو نگراں وزیراعظم بنایا گیا تو سخت مزاحمت کریں گے، کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی میڈیا بریفنگ فوٹو: فائل

دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاہے کہ دفاع پاکستان کونسل کراچی سمیت پورے ملک میں امن دیکھنا چاہتی ہے ۔

قیام امن کیلیے ہم نے کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس کی لیکن الطاف حسین نے کانفرنس میں شامل قائدین کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی، شاید ہماری امن کی خواہش الطاف حسین کے ایجنڈے سے متصادم ہے۔ 3مارچ کو کراچی میں امن مارچ کریں گے، ہم کسی کی خواہش پر کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑ سکتے ۔ الطاف حسین کراچی میں امن کے قیام اور ملکی استحکام کیلیے ہمارا ساتھ دیں ۔

دفاع پاکستان کونسل عوام کی نمائندہ جماعتوں کا اتحاد ہے، وزیراعظم سمیت نگراں سیٹ اپ میں ہم سے بھی مشورہ کیا جائے۔ دو قومی نظریے اور پاکستان کی بنیاد کے مخالف کسی شخص کو نگراں وزیراعظم بنایا گیا تو سخت مزاحمت کریں گے۔ وہ پیر کومنصورہ میں دفاع پاکستان کو نسل کے سربراہی اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن ، جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید، جماعت اہلسنّت کے امیرعلامہ محمد احمد لدھیانوی ، لیاقت بلوچ ، جنرل (ر) حمید گل ، مولانا طاہر اشرفی ، سردار عتیق احمد خان و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔



مولانا سمیع الحق نے کہا کہ قوم5 فروری کو کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منائے ۔ دفاع پاکستان کونسل4 فروری کو مظفر آباد میں آزادی کشمیر کیلیے '' یکجہتی کشمیر '' اور5 فروری کو لاہور میں نیلا گنبد تا مسجد شہدا مارچ اور جلسہ عام منعقد کرے گی ۔ بھارت سے بھلائی کی توقع رکھنا اور اسے دوست سمجھنا بدترین دھوکا ہے، انھوں نے کہاکہ امریکا نے پور ی دنیا میں جنگ کی پالیسی واپس لے لی ہے لیکن اوباما نے پاکستان پر ڈرون حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔