پاکستان کے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی کوشش کو دھچکا

کوالیفائنگ رائونڈ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے پاکستان کو 1-3گول سے ہرا دیا۔


Sports Reporter June 23, 2017
گرین شرٹس اب5 سے8 پوزیشنز کیلیے مقابلوں میں قسمت آزمائیں گے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے ورلڈکپ میں جگہ بنانے کی کوشش کو دھچکا لگ گیا، کوالیفائنگ راؤنڈ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے اسے 3-1 سے شکست دیدی۔

لندن کے کوئنز ایلزبتھ اولمپک پارک پر ہاکی ورلڈ لیگ کے سیمی فائنل کیلیے ہونے والے میچ میں عالمی نمبر1ارجنٹائن نے سابق اولمپک و عالمی چیمپئن پاکستان کو3-1 سے ہرا دیا، کھیل کے ہاف ٹائم تک فاتح سائیڈ کو1-0 کی سبقت حاصل تھی، میچ میں دونوں جانب سے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کر دیے گئے، ارجنٹائن کے مائکوا کیسیلا نے 2 گول اسکور کیے، گونزالو پیلیٹ نے پنالٹی کارنر سے فائدہ اٹھایا، پاکستان کا واحد گول علی شان نے پنالٹی کارنر پر کیا، میچ کے دوران کامیاب ٹیم کھیل پر حاوی نظر آئی، تاہم اس کے پنالٹی کارنر ایکسپرٹ گونزالو آف کلر ہونے کے سبب ملنے والے 8 میں سے صرف ایک پنالٹی کارنر سے فائدہ اٹھاسکے، دوسری طرف پاکستان کے پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ امجد بھی ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

میچ کے پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی جبکہ اس دوران پاکستانی سائیڈ بے بسی کی تصویر بنی رہی، دوسرے ہاف میں پاکستان نے 2 پنالٹی کارنرز ضائع کیے، کھیل کے 22 ویں منٹ میںمائکو کیسیلا نے ملنے والے پنالٹی اسٹروک پر کوئی غلطی کیے بغیر گیند کو جال میں پہنچا کر فاتح سائیڈ کو1-0 کی سبقت دلا دی، اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں جنوبی امریکی ٹیم کھیل پر حاوی ہوگئی اور حریف ٹیم کے گول پوسٹ پر تابڑ تور حملے شروع کر دیے، ملنے والے چھٹے پنالٹی کارنر پر ارجنٹائن کو اس وقت کامیابی ملی جب گونزالو پیلیٹ نے انتہائی سرعت کے ساتھ فلک کرکے گیند کو نیٹ میں پہنچا دیا، کھیل کے 44 ویں میں کامیاب ٹیم کو3-0 کی حتمی برتری مل گئی، مائکو کیسیلا نے حریف ٹیم کے ڈیفینڈرز کی کمزوری کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اورٹز کے خوبصورت پاس پر گیند کو جال کی نظر کردیا۔

چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے کھیل میں واپس آنے کی کوشش کی اور مدمقابل گول پوسٹ پر حملے کیے، تیسرے پنالٹی کارنر پر ارجنٹائن کے دفاعی کھلاڑی نے ابوبکر کی فلک کو عمدگی سے روکا، تاہم ریبائونڈ پر سرکل میں گیند کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے علی شان نے طاقتور ریورس شاٹ لگا کر پاکستان کا خسارہ کم کردیا، فائنل وسل پر ارجنٹائن کی ٹیم 3-1 سے سرخرو ہوکر گرائونڈ سے باہر آئی، ہفتے سے 5 ویں سے 8 ویں پوزیشن کیلیے مقابلوں کا آغاز ہوگا۔

دوسری طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی کپ میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان قسمت پر انحصار کرے گا، ایونٹ کیلیے میزبان ہونے کے ناطے پہلے ہی کوالیفائی کرنے والا بھارت 5 ویں پوزیشن کیلیے کینیڈا کے خلاف صف آرا ہوگا، بھارت کی فتح اور اپنی کامیابی کی صورت میں پاکستان چھٹی پوزیشن پر براجمان ہوکر عالمی کپ کیلیے کوالیفائی کرسکتا ہے۔