سندھ یونیورسٹی ملازمین کی ہڑتال جاری تدریسی عمل متاثر

وی سی اور رجسٹرار کیخلاف مظاہرے، مقدمات واپس لینے اور گرفتار شدگان کی رہائی کا مطالبہ


Numainda Express February 03, 2013
مطالبات کی عدم منظوری پر پیر سے صوبے کی تمام جامعات میں تالا بندی کی دھمکی، اجلاس

سندھ یونیورسٹی جامشورو میں پانچویں روز بھی تعلیمی سرگرمیاں متاثر رہیں اور ملازمین کی حمایت، وی سی اور رجسٹرار کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہفتے کے روز بھی ملازمین نے ہڑتال جاری رکھی جبکہ پوائنٹ بسیں بھی کم چلائی گئیں جس کے باعث مختلف شعبوں میں متعدد کلاسز نہیں ہو سکیں اور طلباء کی حاضری بھی کم رہی۔ دوسری طرف آل سندھ یونیورسٹیز ایمپلائیز فیڈریشن اور سندھ یونیورسٹی ایمپلائیز ورکرز ایسوسی ایشن نے وائس چانسلر اور رجسٹرار جامعہ سندھ کے خلاف پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جب کہ پیپلز لیبر بیورو کے تحت علامتی بھوک ہڑتال کی گئی مختلف سیاسی، سماجی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں نے اظہار یکجہتی کیلیے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ بھی کیا۔

2

مور خان عباسی، محمد ایوب لاشاری، سید کمال شاہ ودیگر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملازمین کے مطالبات منظور کرنے کے بجائے انتقامی کارروائیاں کررہی ہے، سندھ یونیورسٹی سمیت سندھ کی دیگر جامعات کے مسائل کے حل کے لیے 5رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے بالا حکام سے بات چیت کریگی۔ علاوہ ازیں مور خان عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ نے ملازمین کے مطالبات منظور نہ کیے، مقدمات واپس اور گرفتار ملازمین کو رہا نہ کیا تو پیر سے سندھ کی تمام جامعات میں تالا بندی کی جائیگی۔