پاناما جے آئی ٹی میں وزیراعظم کے بچوں کے لیے سوالنامے کی تیاری

حبیب بینک حکام نے شریف خاندان کے کاروباری اکاؤنٹس اور حدیبیہ پیپر ملز کی تفصیلات جے آئی ٹی کو پیش کر دیں


ویب ڈیسک June 28, 2017
جے آئی ٹی نے 3 سے 5 جولائی تک حسن ، حسین اور مریم نواز کو طلب کیا ہے فوٹو: فائل

NEW YORK: پاناما لیکس معاملہ کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی نے مریم نواز سمیت وزیر اعظم نواز شریف کے تینوں بچوں کو جوڈیشل اکیڈمی میں طلب کر لیا ہے اور تحقیقاتی ٹیم وزیراعظم کے بچوں کے لئے سوالنامے تیار کرنے میں مصروف ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق جے آئی ٹی نے حسن نواز کو 3 جولائی، حسین نواز کو 4 جولائی اور مریم نواز کو 5 جولائی کو جوڈیشل اکیڈمی میں متعلقہ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جے آئی ٹی نے مریم نواز کو 5 جولائی کو دوپہر 11 بجے طلب کیا ہے، مریم نواز کوجاری سمن میں انہیں اپنے ساتھ متعلقہ ریکارڈ، اہم دستاویزات اور مواد لانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔



جے آئی ٹی کی جانب سے مریم نواز کو طلبی کیلئے جاری کردہ سمن پر عرفان نعیم منگی کے دستخط ہیں جو 25 جون کو جاری کیا گیا تھا، سمن میں کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے پر آپ کو قانونی اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی مختلف افراد کے بیانات کی روشنی میں وزیر اعظم کے تینوں بچوں کے لیے سوالنامے اور جائزہ رپورٹ مرتب کر رہی ہے۔ عید الفطر کی چھٹیوں کے باوجود جے آئی ٹی وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں سپریم کورٹ کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داری پوری کرنے میں مصروف ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حسن اور حسین کے بعد مریم نواز بھی طلب



عید الفطر کے تیسرے روز بھی ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا کی سربراہی میں جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس میں مختلف افراد کی جانب سے پیشی کے دوران دیئے گئے بیانات کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا جبکہ 2 جولائی سے شروع ہونے والی پیشیوں کیلئے سوالنامے کی تیاری کا عمل بھی جاری ہے۔



اس کے علاوہ رحمان ملک کی جمع کردہ دستاویزات اور ایف بی آر کی جانب سے فراہم کئے گئے ٹیکس ریکارڈ کی چھان بین کا عمل بھی جاری ہے۔ دوسری جانب حبیب بینک حکام نے شریف خاندان کے کاروباری اکاؤنٹس اور حدیبیہ پیپر ملز کی تفصیلات جے آئی ٹی کو پیش کر دی ہیں۔

وزیر اعظم کے بیٹے حسین نواز اس سے قبل 5 بار جبکہ حسن نواز 4 جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نوازشریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک بھی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ایف بی آر شریف خاندان کا ریکارڈ جمع کرنے میں مصروف

واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے اپنی پہلی پیش رفت رپورٹ 21 مئی جبکہ دوسری رپورٹ 7 جون کو جمع کرائی تھی اور 7 جولائی کو جے آئی ٹی کے 60 روز مکمل ہو جائیں گے جس کے بعد جے آئی ٹی اپنی تحقیقاتی رپورٹ سفارشات کے ساتھ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی سے 10 جولائی کو پاناما تحقیقات کی حتمی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔