6 ریڈ اسنوکر بھارتی حریف کوہراکربلال سیمی فائنل میں

سجاد نے ہم وطن بابر مسیح کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی


Sports Reporter July 02, 2017
سجاد نے ہم وطن بابر مسیح کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی فوٹو:فائل

سی بی ایس 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کا ایک سلور اور ایک برانز میڈل جیتنا یقینی ہوگیا، محمد بلال نے سابق عالمی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ بھارت کے پنکج ایڈوانی کو6-2 سے اپ سیٹ شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی پالی، سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد اپنے ہم وطن بابر مسیح کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6-4 سے ہرا کر فائنل فور میں پہنچ گئے، ایونٹ کے ناک آؤٹ راؤنڈ مرحلے میں بدقسمتی آڑے آگئی۔

پری کوارٹر فائنل میں اپنے ہم وطن اور شاگرد اسجد اقبال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والے محمد سجاد نے اپنے دوسرے ہم وطن بابر مسیح کو بھی شکست دیدی، سابق عالمی نمبر2 محمد سجاد فائنل میں جگہ بنانے کے لیے تیسرے پاکستانی محمد بلال کے خلاف صف آرا ہوں گے، کسی بھی کھلاڑی کی کامیابی پر پاکستان سلور میڈل کا حقدار بن جائے گا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کرغزستان کے شہر بشکیک میں جاری اے سی بی ایس کی 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے تیسرے دن ہفتے کو کوارٹر فائنل میں پاکستان کے سابق عالمی نمبر2 محمد سجاد نے پاکستان ہی کے بابر مسیح کو دلچسپ مقابلے کے بعد6-4 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، محمد سجاد نے یہ مقابلہ 20-40، 05-41، 15-56، 29-06، 80-0، 37-28، 06-50،38-0، 37-12 اور41-11 سے جیت کر فائنل پر نظریں مرکوز کردیں، محمد سجاد تجربے اور مہارت کی بدولت اپنے خاص شاگرد اسجد اقبال کو5-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔

محمد سجاد نے اسجد کے ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ ختم کرکے ایونٹ سے بھی باہر کرتے ہوئے مقابلہ 44-0، 37-20،0-41،35-11، 06-60، 59-0، 37-23 سے جیت لیا تھا، قبل ازیں لیگ راؤنڈ میں گروپ ای کے سیکنڈ سیڈڈ محمد سجاد نے کرغزستان کے کیبنی سیگن بیوف کے خلاف واک اوور ملنے پر ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی، حریف کے بروقت نہ پہنچنے پر سجاد کو 5-0 سے فاتح قرار دیا گیا، بابر نے پری کواٹر فائنل میں بھارت کے کمال چاولہ کو5-3 سے ہرایا، انھوں نے اپنے مدمقابل کیوئسٹ کے خلاف پہلے دونوں فریمز 37-25 اور 70-0 سے جیتے لیکن کمال چاولہ نے اگلے تینوں فریمز 46-0،56-01 اور67-0 سے اپنے نام کرکے3-2 کی سبقت حاصل کرلی۔

تاہم بابر مسیح عمدہ کھیل پیش کرکے میچ میں واپس آئے اور آخری تینوں فریمز میں بھارتی کھلاڑی کے خلاف 52-0، 36-20 اور 62-0سے کامیابی پاکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا، محمد بلال نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بھارت کے سابق عالمی چیمپئن پنکج ایڈوانی کو6-2 سے ٹھکانے لگا کر سیمی فائنل میں رسائی پائی، بلال نے اپنے حریف کو 47-0، 50-08، 31-30، 12-35، 28-38، 45-0، 44-18 اور37-16 سے ہراکر شائقین کو ششدر کردیا، قبل ازیں محمد بلال نے کسی دشواری کے بغیر ہانگ کانگ کے لین تانگ ہو کو 5-2 سے ٹھکانے لگایا، سابق قومی چیمپئن نے پری کوارٹر فائنل میں 33-15، 43-05، 38-32، 13-49، 16-40، 70-01 اور37-20 سے فتح سمیٹی، سیمی فائنل میں محمد سجاد اور محمد بلال کے درمیان مقابلہ 11 فریمز پر مشتمل ہوگا۔