بھارت میں دلہن شادی ہال پہنچنے کے بجائے پریمی کے ساتھ بھاگ نکلی

زبردستی شادی کروائی جا رہی تھی اسلئے اپنے عاشق کے ساتھ بھاگ گئی، پوجا بھنڈاری


ویب ڈیسک July 07, 2017
اس شادی کی تیاری پر 2 لاکھ روپے خرچ کر دیئے جو سرے سے ہوئی ہی نہیں، شریکانت کمبلے۔ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے دارالخلافہ میں ایک دولہے کو اس وقت شدید خفت کا سامنا کرنا پڑا جب بارات والے روز اس کی دلہن شادی ہال پہنچنے کے بجائے اپنے پریمی کے ساتھ بھاگ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شریکانت کمبلے نامی شخص ممبئی کے ایک ہال میں پوری بارات کے ساتھ سج دھج کراسٹیج پر بیٹھا بیتابی سے اپنی دلہن پوجا بھنڈاری کا انتظار کر رہا تھا لیکن شاید اس کی قسمت میں کچھ اور ہی لکھا تھا اور جب کافی ٹائم گزر جانے کے بعد بھی اس کی دلہن نہ پہنچی تو دولہے کو یقین ہو گیا کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے لہذا وہ سیدھا پولیس اسٹیشن جا پہنچا اور دلہن کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : 11 دُلہوں کو لوٹنے والی دُلہن گرفتار

شریکانت کمبلے نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا کہ وہ پچھلے 2 ماہ سے شادی کی تیاریاں کر رہا تھا اور اس تقریب کیلئے اس نے 2 لاکھ روپے خرچ کردیئے جو سرے سے ہوئی ہی نہیں۔ دولہے کی شکایت کے بعد پولیس نے دلہن والوں کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر دیا جبکہ ڈپٹی کمشنر پولیس نے شریکانت کمبلے کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکہ دہی کرنے والوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :بھارت میں شادی کی تقریب میں بریانی پر تنازعہ

دوسری جانب مقدمے میں نامزد ملزمہ پوجا بھنڈاری خود پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور انکشاف کیا کہ شریکانت کمبلے سے زبردستی میری شادی کروائی جا رہی تھی اس لئے میں جس سے پیار کرتی تھی اس کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔

مقبول خبریں