نوازشریف کوعوام نے اقتداردیا اوراسے کوئی بھی نہیں چھین سکتا، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  اتوار 9 جولائی 2017

سیالکوٹ: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو عوام نے اقتدار دیا اور اسے کوئی بھی نہیں چھین سکتا۔

سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج سے 24 سال قبل بھی کرپشن کے الزامات لگا کر ہماری حکومت ختم کردی گئی تھی نوازشریف کے والد کو وہیل چئیر پر بھی گرفتار کیا گیا سپریم کورٹ نے ہمیں بحال کیا لیکن پھر ہمیں گھر بھیج دیا گیا کیوں کہ اس وقت میچ فکس تھا، پھر 12 اکتوبر1999 کو بھی ایک فکس میچ کھیلا گیا، ایک منتخب وزیراعظم کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے بدترین دشمن نے بدعنوانی کے الزامات لگائے لیکن ایک الزام بھی ثابت نہ ہوسکا، لیکن اب وقت بدل چکا ہے اب مخالفین کھلے لفظوں میں کان کھول کرسن لیں کہ کوئی میچ فکسنگ نہیں ہوگی عوام نے جو اقتدار نوازشریف کو دیا اب اسے کوئی بھی نہیں چھین سکتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کچھ مائنڈسیٹ پاکستان میں جمہوری حکومت نہیں چاہتے

خواجہ آصف نے کہا کہ جہاں بیٹیاں نظر آجائیں وہاں لوگ نظریں جھکا لیتے ہیں لیکن یہاں جے آئی ٹی نے وزیراعظم کی بیٹی کو بھی شامل تفتیش کرلیا اور نوازشریف اپنے دونوں بیٹوں بیٹی اور داماد سمیت جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے جب کہ نوازشریف پر اس کاروبار کا الزام ہے جس کا وہ حصہ ہی نہیں ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ  آج تک کسی نے قانون کا اتنا احترام نہیں کیا جتنا شریف فیملی کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی میں حسین نواز کی ایک تصویر کیوں لیک ہوئی ہم تو کہتے ہیں کہ پوری کارروائی عوام کے سامنے دکھائی جائے ہمیں کوئی ڈر نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قانون کی بالادستی پر نوازشریف کو نسلیں یاد رکھیں گی

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جو ایمپائر نظرآتے ہیں وہ کسی اور کو نظر نہیں آتے،عمران خان اداروں کو گمراہ کررہے ہیں میچ فکسنگ کے عادی عمران خان اداروں کو بھی دعوت گناہ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مجھے وزیراعظم بنادو، انہوں نے اپنی والدہ کے نام پر اسپتال بنانے کے لئے جو خیرات اکٹھی کی وہ تمام رقم فرانس اور تھائی لینڈ بھیج کر جوا کھیلا گیا عمران خان خیرات میں لئے پیسے کا حساب دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔