’’مسٹر بین‘‘ کے مرنے کی افواہ سوشل میڈیا پر وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 15 جولائی 2017
مسٹر بین کی موت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ان کے مداح سخت صدمے کا شکار ہوگئے؛فوٹوفائل

مسٹر بین کی موت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ان کے مداح سخت صدمے کا شکار ہوگئے؛فوٹوفائل

ممبئی: برطانیہ کے مشہور مزاحیہ اداکار رووان ایٹکنسن المعروف مسٹر بین کی موت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے ان کے مداح سخت صدمے کا شکار ہوگئے۔

62 سالہ برطانوی مزاحیہ اداکار رووان ایٹکنسن اپنے کردار ’’مسٹر بین‘‘ کی بدولت دنیا بھر میں مشہور ہیں اور بچے بڑے سب ہی ان کی منفرد اداکاری کے دیوانے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جیسے ہی ان کی موت کی جھوٹی خبر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ان کے مداح سخت پریشانی کا شکار ہوگئے۔ یہ  پہلی بار نہیں کہ کسی مشہور شخصیت کی موت کی افواہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، جانی ڈیپ، ملی سائرس، قادر خان اور شوئیتا تیواری کی مرنے کی افواہیں بھی  سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: موت کی جھوٹی افواہوں کا شکار ہونے والے بالی ووڈ اسٹارز

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے گزشتہ روز جیسے ہی مسٹر بین کے کار حادثے میں ہلاکت کی خبر نشر کی یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور لوگ سخت پریشانی کے عالم میں فون کرکے اپنے پسندیدہ اداکار کے بارے میں معلومات حاصل کرنے لگے تاہم بعد میں یہ واضح ہونے کے بعد یہ خبر سچ نہیں بلکہ افواہ ہے اور روان ایٹکنسن زندہ اور صحیح سلامت ہیں، لوگوں کی جان میں جان آئی تاہم سچ جاننے کے بعد لوگوں نے اس غلط خبر پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے طیارہ حادثے میں مرنے کی خبر سوشل میڈیا پروائرل

واضح رہے کہ مسٹر بین کے مرنے کی افواہ اس سے قبل 8 بار وائرل ہوچکی ہے اور یہ نویں بار ہے کہ انہیں انٹرنیٹ پر مار دیا گیا۔ گزشتہ سال جولائی میں ان کے بارے میں یہ افواہ پھیلائی گئی تھی کہ ڈپریشن اور گھریلو پریشانیوں کے باعث مسٹر بین کی موت واقع ہوچکی ہے جبکہ رواں سال کی ابتدا میں بھی کار حادثے میں ان کی ہلاکت کی خبر وائرل ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔